Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

فلسطینیوں کی حمایت پر برطرف امریکی ٹی وی میزبان نے میڈیا کمپنی لانچ کردی

'زیٹو' سے میڈیا اور ہالی وڈ انڈسٹری کے بڑے نام جوڑنے کی کوشش ہو رہی ہے، مہدی حسن کا وڈیو پیغام
شائع 29 فروری 2024 01:26pm

الجزیرہ اور ایم ایس بی سی کے اینکر پرسن اور تجزیہ کار کی حیثیت سے عالمگیر شہرت کے حامل مہدی حسن نے میڈیا کمپنی (Zetoe) لانچ کردی ہے۔

مہدی حسن کو ایم ایس این بی سی نے فلسطینیوں کی حمایت کرنے پر مہدی حسن کو برطرف کردیا تھا۔

مہدی حسن کی قائم کردہ میڈیا کمپنی انٹرویو، پوڈکاسٹ اور تجزیے شائع کرے گی۔

ایک وڈیو میں مہدی حسن نے بتایا کہ اس نئے میڈیا پلیٹ فارم سے ایسے تجزیے شائع کیے جائیں گے جن میں حقائق کھل کر بیان ہوں گے اور بے لاگ تبصرے اور تجزیے بھی شائع کیے جائیں گے۔

مہدی حسن نئے میڈیا پلیٹ فارم کی لانچنگ پر سبسٹیک کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ سبسکرائبر کو ماہانہ 8 یا پھر سالانہ 72 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ بانی رکن کے لیے 500 ڈالر کا آپشن بھی موجود ہے جس کے ساتھ مہدی حسن کی کتاب کی دستخط شدہ کاپی بھی دی جائے گی اور میزبان کے ساتھ خصوصی زوم کال کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

مہدی حسین نے بتایا کہ وہ میڈیا انڈسٹری کے علاوہ ہالی وڈ سے بھی بڑے نام اپنے ساتھ ملا رہے ہیں تاکہ منفرد مواد تیار کیا جاسکے۔

ایم ایس این بی سی پر ’دی مہدی حسن شو‘ اتوار کی شام نشر ہوا کرتا تھا۔ ایم ایس این بی نے یہ پروگرام گزشتہ ماہ ختم کردیا تھا۔

ادارے نے مہدی حسن شو ختم کرنے کو پالیسی کا حصہ بتایا تھا تاہم لوگوں کا خیال ہے کہ یہ پروگرام غزہ کی صورتِ حال کے حوالے سے اسرائیل کے خلاف بولنے پر ختم کیا گیا۔

مہدی حسن خاصے چشم کشا اور بلند بانگ قسم کے انٹرویوز کے لیے معروف ہیں۔ وہ طالب علمی کے زمانے میں غیر معمولی ڈیبیٹر کی حیثیت کے حامل تھے۔ رچرڈ ڈاکنز اور دیگر معروف دہریوں سے اُن کے سخت انٹرویوز دنیا بھر میں مقبولیت سے ہم کنار رہے ہیں۔

Aljazeera

Mehdi Hasan

MSNBC

ANALYST AND ANCHOR