Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

کراچی میں بارش کا سسٹم شہر سے مشرق کی طرف منتقل

آج موسم کیسا رہے گا، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی
اپ ڈیٹ 02 مارچ 2024 10:18am
How much rain in Karachi?- Meteorological Department has released data - Aaj News

کراچی میں آج بارش کا امکان نہیں ہے، جبکہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو چند گھنٹے کے دوران تین مرتبہ تیز بارش ہوئی۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز نے کہا ہے کہ بارش کا سسٹم بتدریج مشرقی کی جانب منتقل ہورہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش کا امکان نہیں ہے، جبکہ مطلع صاف رہے گا۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ دن میں ہوا کی رفتار 30 سے 35 کلومیٹر تک چلے گی۔

گزشتہ روز برسات کے باعث شہر بھر میں کے الیکٹرک کے ڈیڑھ سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ تاہم بیشتر علاقوں میں بجلی ہفتہ کی صبح تک بحال ہو چکی تھی۔

شہر قائد کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بادل برس پڑے، جس کے بعد سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔**

کراچی میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ بارش کے سبب سرکاری اور نجی دفاتر میں دو بجے کے بعد آدھے دن کی چھٹی دے دی گئی۔

تاہم محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعہ سے ہفتے کی صبح تک بارش کی پیشگوئی کی تھی۔ شہر میں بارش کا پہلا دور جمعے کو صبح گیارہ بجے شروع ہوا۔

بلدیہ اتحاد ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، سائٹ ایریا، نارتھ کراچی، نیو کراچی، اورنگی میں ہلکی بارش ہوئی۔ کھارادر، گلستان جوہر، صفورا، طارق روڈ، پی آئی بی، جمشید روڈ، ماڑی پور، فیڈرل بی ایریا میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعہ کو دوپہر دو بجے کے بعد بارش کی پیش گوئی کی تھی تاہم آج نیوز نے بتایا تھا کہ بارش اس سے پہلے شروع ہوسکتی ہے اور ایسا ہی ہوا۔

پونے دو بجے شہر میں بارش کا ایک اور اسپیل شروع ہوگیا۔

گرومندر،صدر، ناظم آباد،گلشن اقبال، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ میں بارش ہوئی۔

شام پانچ سے چھ بجے کے درمیان تیز بارش کا ایک اور سلسلہ شروع ہوا اور مختلف علاقوں میں بادل برسے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

کراچی میں زیادہ بارش کہاں ہوئی

بارش کے پہلے دو ادوار میں بارش کے اعدادوشمار محکمہ موسمیات نے جاری کردیے ہیں۔

سب سے زیادہ بارش شاہرہ فیصل میں 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، ناظم آباد میں 12 اعشاریہ 5 اور سعدی ٹاؤن میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی۔

کیماڑی میں 8، گڈاپ میں 7 اعشاریہ 9، نارتھ کراچی میں 6 اعشاریہ 8 جبکہ اولڈ ائیر پورٹ اور ملیر میں 6،6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ڈی ایچ اے فیز 2 میں 5 اعشاریہ 5، جناح ٹرمینل میں 5 اعشاریہ 4 اورانگی ٹاؤن میں 4 اعشاریہ 9 جبکہ پی اے ایف مسروس بیس میں 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ سرجانی ٹاؤن میں 5 اعشاریہ 4، یونیورسٹی روڈ میں 4 اعشاریہ 2، کورنگی میں 4 اعشاریہ 3، قائد آباد میں 3 اعشاریہ 5، گلشن حدید اور داؤد چورنگی میں 2،2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کے بلوچستان کی طرف واقع علاقوں سرجانی ٹاؤن اور بلدیہ میں زیادہ بارش ہوگی۔

کےالیکٹرک کی بجلی کی ترسیل کانظام درہم برہم

کراچی میں ہلکی بارش نے کے الیکٹرک کے بجلی کی ترسیل کے نظام کا پول کھول دیا، چند بوندے پڑتے ہی کے الیکٹرک کا نظام بیٹھ گیا۔

شہر بھر میں کے الیکٹرک کے ڈیڑھ سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، بارش کی وجہ سے کے الیکٹرک بلدیہ کے گیارہ، سرجانی کے اٹھارہ، گلستان جوہر نو، بن قاسم کے اکیس، اورنگی کے ستائیس ، کورنگی کے چھبیس فیڈرز ٹرپ ہوئے، کے الیکٹرک کے فیڈر ٹرپ ہونے سے مختلف علاقے نارتھ کراچی، گڈاپ، گلشن معمار، لیاقت آباد، بلدیہ، ماڈل کالونی، کھوکھراپار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، پنجاب کالونی ،منگھوپیر، ماڑی پور، اورنگی، لانڈھی ،نارتھ ناظم آباد ، کاظم آباد ، ریلوئے سوسائٹی ، ملیر ماڈل کالونی، سرجانی ، منگھو پیر، یوسف گوٹھ، نصرت بھٹو کالونی ، ریلوے سوسائٹی ، کاظم آباد، خواجہ اجمیر نگری ، ڈی ایچ اے، بن قاسم بلدیہ، سوسائٹی، رزاق آباد گلشن حدید ، کاٹھوراور اوتھل میں بجلی بند ہوگئی۔

بارش کب تک جاری رہے گی

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز نے کہا ہے کہ شہر میں درمیانی اورتیزبارشوں کے سبب بننے والے مغربی سسٹم کا کافی بڑا حصہ نکل گیا، بارش کا سسٹم بتدریج مشرقی کی جانب منتقل ہورہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیان رات شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار ہوسکتی ہے ،ہفتے کو کراچی میں مطلع صاف رہنے اور بارش کا امکان نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارش کے عقب میں موجود سرد ہواؤں کے اثرات آج رات سے شہر پر نمودار ہوسکتے ہیں، اس دوران درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی اور خنکی میں اضافہ متوقع ہے۔

اس سے قبل ڈائریکٹر میٹ سردار سرفراز نے کہا تھا کہ شہر میں بارش ہفتے کی صبح تک جاری رہ سکتی ہے۔

آج نیوز سے گفتگو میں سردار سرفراز نے کہا تھا کہ ٹھٹھہ، جامشورو، حیدرآباد، میرپورخاص، عمر کوٹ اور بلوچستان سے ملحقہ علاقوں میں بھی تیز بارش ہوسکتی ہے۔

موسم کی صورتحال کے پیش نظر سندھ حکومت نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کیا ، وزیر اعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل بھی قائم کیا گیا۔

دوسری جانب گورنرسندھ کی کمشنرکراچی کو رین ایمرجنسی کے تحت انتظامات یقینی بنانےکی ہدایت کر دی۔

مئیر کراچی کی جانب سے شہر قائد کے نجی اور سرکاری اداروں کو دن 2 بجے ہاف ڈے کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی، شام کی شفٹ کے اسکول بند رکھے گئے۔ جبکہ مئیر کراچی نے تمام عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کیں۔

سندھ کے ماہی گیروں کو 4 مارچ تک سمندر میں جانے سے بھی روک دیا گیا ہے۔

واضح رہے اسی مغربی سسٹم کے باعث گوادر میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، شہر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے، جہاں اب تک 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بارش

کراچی کے علاقے سندھ کے دیگر شہروں میں بارش ہوئی۔

دادو لاڑکانہ، جیکب آباد، قمبرشہداد کوٹ، نوشہروفیروز اور دیگر شہروں میں بھی بادل برس پڑے، جس کے بعد سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نشیبی علاقوں کا اچانک دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔

CM Sindh

karachi

sindh

Karachi Rain

mayor karachi