Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

سوشل میڈیا پر پابندی کی سینیٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد واپس لے لی گئی

بہرہ مند تنگی نے شدید تنقید کے بعد اپنی قرارداد واپس لی
شائع 04 مارچ 2024 08:33pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

پاکستان پیپلز پارٹی سے نکالے گئے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے شدید تنقید کے بعد سوشل میڈیا پر پابندی کی قرارداد واپس لے لی ہے۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ ہر ایک رکن پارلیمنٹ کو قرارداد لانے اور قانون سازی کا حق ہوتا ہے، میرے ساتھی اس قرارداد سے متفق نہیں تھے، ساتھیوں کے مشورے پر سوشل میڈیا پر پابندی سے متعلق قرارداد واپس لیتا ہوں۔

سوشل میڈیا پر پابندی، پیپلز پارٹی نے بہرامند تنگی اور ان کی قرارداد سے لاتعلقی کا اظہار کردیا

سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے سینیٹ میں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کی قرارداد جمع کروائی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ملک میں نوجوان نسل کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، یہ پلیٹ فارم ہمارے مذہب اور ثقافت کے خلاف اصولوں کو فروغ دینے، زبان اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں نفرت پیدا کرنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ افواج پاکستان کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کے ذریعے ملکی مفادات کے خلاف ایسے پلیٹ فارمز کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، اس طرح کے پلیٹ فارم کو مفاد پرستوں کی جانب سے مختلف مسائل کے بارے میں جعلی خبریں پھیلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور نوجوان نسل کو دھوکہ دینے کے لیے ملک میں جعلی قیادت پیدا کرنے اور اسے فروغ دینے کی کوشش کی جاتی ہے، لہذا سینیٹ آف پاکستان کی جانب سے حکومت سے سفارش کی جاتی ہے کہ وہ فیس بک، ٹک ٹاک، انسٹاگرام، ٹویٹر (ایکس) اور یوٹیوب پر پابندی عائد کرے تاکہ نوجوان نسل کو ان کے منفی اور تباہ کن اثرات سے بچایا جا سکے۔

social media

Ban on Social Media

Senate Resolution For Ban On Social Media

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div