Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

یوم پاکستان پر مسلح افواج کی روایتی پریڈ، طیاروں کا فلائی پاسٹ، سیاسی و عسکری قیادت کی شرکت

ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے
اپ ڈیٹ 23 مارچ 2024 01:23pm
فوٹو۔۔۔اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔اسکرین گریب

ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چین اور آذربائیجان کے فوجی دستے بھی شریک ہوئے، پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، تقریب کے اختتام پر صوبوں کی ثقافت کے رنگ بکھر گئے۔

یوم پاکستان کی مرکزی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانےسے ہوا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت دیگر مہمان پریڈ میں شریک ہوئے۔

صدر مملکت آصف زرداری نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ پریڈ میں شریک تمام فورسز نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، جسے شرکاء کی جانب سے سراہا گیا۔

یوم پاکستان پریڈ پر شاندار فلائی پاسٹ، ایس ایس جی کمانڈوز کی بھی مہارت

یوم پاکستان پر اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ میں شاندار فلائی پاسٹ توجہ کا مرکز بنا رہا ، جبکہ دیگر فورسز کی طرح ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی۔

فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے ، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر، ایف 7 پی جی چیتا لڑاکا طیاروں، جدید ترین لڑاکا طیارے جے 10 سی نے بھی حصہ لیا۔ اور شاندار فلائی پاسٹ کرکے ناظرین کو خوب محفوظ کیا۔

 یوم پاکستان پر پریڈ،  آسمان پر رنگوں بکھیر نے والے سات طیاروں نے خوب مہارت دکھائی۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب
یوم پاکستان پر پریڈ، آسمان پر رنگوں بکھیر نے والے سات طیاروں نے خوب مہارت دکھائی۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب

اس کے علاوہ پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی اور جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں سمیت دیگر ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹرز نے بھی شاندارفلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

اللہ ہو کے نعرے بلند کرتے ہوئے ایس ایس جی کمانڈوز کی آمد ہوئی۔ تمام ہی فورسز کی طرح ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی۔

شیردل کا مںفرد مظاہرہ

آسمان پر رنگوں بکھیرنے والے سات طیاروں نے خوب مہارت دکھائی۔

پوری دنیا میں اپنے نام اور منفرد انداز پہچان رکھنے والے شیر دل اسکواڈرن نے عملی مظاہرہ کیا۔

700 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ شیر دل نے دلکش مظاہرہ دکھایا۔ پائلٹس کی مہارت کو دیکھ کر ناظرین بھی داد دیے بنا نہ رہ سکے۔

 یوم پاکستان پر پریڈ، صدر مملکت آصف علی زرداری پریڈ کا معائنہ کرتے ہوئے ۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب
یوم پاکستان پر پریڈ، صدر مملکت آصف علی زرداری پریڈ کا معائنہ کرتے ہوئے ۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب

جدید ٹینک اور میزائل

دشمن کے دلوں پر ہیبت طاری کرنے والے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مسلح افواج کے ٹینک اور مزائل سسٹم بھی پریڈ گراونڈ لائے گئے۔

 یوم پاکستان پر پریڈ، افواج پاکستان کے جدید میزائل بھی پریڈ کا حصہ ۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب
یوم پاکستان پر پریڈ، افواج پاکستان کے جدید میزائل بھی پریڈ کا حصہ ۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب

پریڈ میں حیدر اور خالد ٹینک کا دستہ آیا تو ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کی تیارکردہ اے پی سی بھی پریڈ کا حصہ تھی۔ اے پی سی دشمن کے ٹنیکوں کے خلاف ایک انتہائی تباہ کن ہتھیار ہے ، توپ خانے کے دستے نے بھی سلامی پیش کی۔

اس کے علاوہ غوری ، شاہین ، اور ابابل میزائل کے ساتھ جدید ترین ریڈار ، میزائل اور ریڈار کنٹرول گن بھی پریڈ کی زینت بنی۔

 یوم پاکستان پر پریڈ،  جدید ترین ریڈار  اور ریڈار کنٹرول گن بھی پریڈ کی زینت بنی۔۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب
یوم پاکستان پر پریڈ، جدید ترین ریڈار اور ریڈار کنٹرول گن بھی پریڈ کی زینت بنی۔۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب

پریڈ میں پاکستان کی خوبصورت ثقافت کی عکاسی کرتے مختلف صوبوں کےفلوٹس نے بھی شرکاء کی توجہ حاصل کی۔

 یوم پاکستان پر پریڈ،   ثقافت کی عکاسی کرتے مختلف صوبوں کے فلوٹس نے بھی شرکاء کی توجہ حاصل کی۔۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب
یوم پاکستان پر پریڈ، ثقافت کی عکاسی کرتے مختلف صوبوں کے فلوٹس نے بھی شرکاء کی توجہ حاصل کی۔۔ فوٹو۔۔اسکرین گریب

وزیر اعظم کو قومی پرچم پیش

12 اسکائی ڈائیورز کا فری فال کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔

میجرجنرل عادل رحمانی نے قومی پرچم کے ہمراہ پریڈ گراؤنڈ میں لینڈنگ کی۔ میجرجنرل عادل رحمانی نے وزیراعظم کو قومی پرچم پیش کیا۔

وزیراعظم سے اسکائی ڈائیورز کی ملاقات بھی ہوئی اور تعارف بھی کروایا گیا۔

”پوچھے جو نام کوئی تو پاکستان بتانا“ کا خصوصی ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا۔

پریڈ کے آخر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلح افواج کے افسران سے مصافحہ کیا اور پھر پریڈ ایونیوسے روانہ ہوگئے۔ پریڈ کے دوران صدر مملکت نے خطاب بھی کیا۔

توپوں کی سلامی

اس سے قبل یوم پاکستان کے موقع پر دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی۔

وفاقی دارالحکومت میں31 توپوں کی سلامی دی گئی۔

صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا۔

پاکستان کے بہادر اور متحد عوام ، وطن عزیز سے پر جوش محبت کا اظہار کررہے ہیں۔

مزار اقبال پر تقریب

یوم پاکستان پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

مزار اقبال پر پاک فضائیہ کے خصوصی دستے نے فرائض سنبھال لیے، ایئروائس مارشل طارق محمود تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

Pakistan Day

PAKISTAN ZINDABAD

Pakistan Day Parade

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div