Aaj News

منگل, مئ 21, 2024  
13 Dhul-Qadah 1445  

مکڈونلڈز کو فروخت اور منافع میں پریشان کُن کمی کا سامنا

معاشی خرابیوں اور غزہ کی صورتِ حال نے عالمی برانڈ کو نشانہ بنالیا، دیگر فوڈ چینز کی مشکلات بھی کم نہیں
شائع 01 مئ 2024 09:19am

امریکا کے معروف فاسٹ فوڈ برانڈ کو معیشتی اتار چڑھاؤ اور غزہ کی صورتِ حال کے باعث مجموعی فروخت اور منافع میں پریشان کن گراوٹ کا سامنا ہے۔ حریف برانڈز نے سہ ماہی کے دوران قابلِ رشک منافع حاصل کیا ہے۔ مکڈونلڈز کو بعض مارکیٹس میں برتری کے خاتمے کا بھی سامنا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے رائٹرز نے بتایا ہے کہ سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مکڈونلڈز کے بیشتر صارفین نے خصوصی آفرز میں دلچسپی نہیں لی۔ صارفین بہت سوچ سمجھ کر فوڈ برانڈز کا انتخاب کر رہے ہیں۔ اُن کی کوشش ہے کہ اُن کی محنت کی کمائی کا بھرپور نعم البدل ملے۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال بھی مکڈونلڈز پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ اسرائیل نواز بیانات اور رویے کا اظہار کیے جانے کے بعد سے مکڈونلڈز کے بائیکاٹ کی مہم سی شروع ہوئی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ، افریقا اور جنوبی ایشیا میں مکڈونلڈز کے لیے مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ اس کے نتیجے میں فروخت گری ہے۔

مسلسل چوتھی سہ ماہی میں مکلڈونلڈ کو عالمی سطح پر سیلز میں گراوٹ کا سامنا ہے۔ سیلز کے نقطہ نظر سے شرحِ نمو میں 1.9 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ لوگ اب کُھل اور اندھا دُھند خرچ نہیں کر رہے۔ مکڈونلڈز کے سی ای او کرس کیمپنسکی نے کہا ہے ہمیں یہ بات سمجھنا ہوگی کہ ہر سطح کی آمدنی والے لوگ اب چاہتے ہیں کہ اُنہیں اُن کی کمائی کا بہترین نعم البدل ملے۔

مکڈونلڈز سمیت تمام بڑے فوڈ برانڈز کو صارفین کی تعداد میں کمی کا سامنا ہے۔ ریسٹورنٹس میں آنے والوں کی تعداد گھٹ رہی ہے۔ دیگر فوڈ برانڈز کو بھی سیلز میں کمی کا سامنا ہے تاہم اُن کے معاملات بہت پریشان کن نہیں۔ وہ بھی کرم فرماؤں کو متوجہ کرنے کے لیے ڈیلز آفر کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے مسابقت سبھی کے لیے بڑھ رہی ہے۔

برگر کنگ کے ریسٹورنٹ برانڈز نے سہ ماہی نتائج سے متعلق توقعات کو شکست دی ہے جبکہ ڈومینوز پیزا نے اپنی تمام آفرز سے اچھے نتائج حاصل کیے ہیں۔ فوڈ مارکیٹ کے میدان کے دیگر کھلاڑیوں کی طرح مکڈونلڈز نے بھی قیمتیں تھوڑی سی بڑھائی ہیں کیونکہ خام مال کی لاگت بڑھتی جارہی ہے۔ کرس کیمپنسکی تسلیم کرتے ہیں کہ بعض مارکیٹس میں مکڈونلڈز کو قیمت کے اعتبار سے جو برتری حاصل تھی وہ اب نہیں رہی۔

مارچ میں مکڈونلڈز کے سی ایف او ایان بورڈن نے خبردار کیا تھا کہ پہلی سہ ماہی میں مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال اور چینی معیشت کی سُست رفتاری کے نتیجے میں انٹرنیشل سیلز میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔ امریکا کے بعد مکڈونلڈز کے لیے چین دوسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں مکڈونلڈز اور اسٹار بکز کو غیر معمولی احتجاج اور مزاحمت کا سامنا رہا ہے۔ ان کی سیل بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مسلم ممالک میں مکڈونلڈز کے فرنچائز بائیکاٹ کا سامنا کر رہے ہیں۔ بعض مقامات پر اُن پر حملے بھی کیے گئے ہیں۔

MCDONLAS

DECLINE IN SALE

DIP IN PROFIT

TOUGH COMPETITION