Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش ناکام

تنویر الیاس کی ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کرنے کے کیس میں ضمانت منظور
شائع 27 مئ 2024 04:43pm

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے، لیکن جیل کے دروازے پر انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی جسے ان کے ساتھ موجود حامیوں نے ناکام بنا دیا۔

سردار تنویر الیاس کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کیس میں ضمانت ملنے پر رہا کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تنویر الیاس رہا ہوئے تو پولیس اہلکاروں نے گیٹ نمبر 3 پر انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی، اس دوران پولیس اہلکاروں اور تنویر الیاس کے حامیوں میں ہاتھا ہائی ہوئی، سردار تنویر الیاس کے سپورٹرز انہیں گاڑی میں ساتھ لے گئے۔

ضمانت منظور

قبل ازیں، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پیر کو ہوئی سماعت میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کرنے کے کیس میں ضمانت منظور کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا ایسا راستہ نکالا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

وکیل سردار تنویر الیاس نے مؤقف اپنایا کہ ان دفعات کے تحت زیادہ سے زیادہ سزا تین سال ہے، ملزم کو ضمانت ملنی چاہیے، مزید کہا تھا کہ پاسپورٹ بھی واپس کردیا ہے۔

اس دوران ایف آئی اے حکام نے ریکارڈ عدالت پیش کیا، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے سردار تنویر الیاس کی ضمانت کی مخالفت کی۔

تاہم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سردار تنویر الیاس کی ضمانت منظور کرلی۔

واضح رہے کہ 20 مئی کو سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کو مارگلہ پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر رانا تنویر الیاس کو اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ کی پولیس نے گرفتار کیا تھا، ان کے خلاف نجی کمپنی کے دفتر پر حملے کا مقدمہ درج ہے۔

21 مئی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

سندھ ہائیکورٹ نے کورٹ رپورٹرز کو روز مرہ کی عدالتی رپورٹنگ کی اجازت دے دی

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا تھا کہ سردار تنویر الیاس نے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کیا، انہوں نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر سعودی عرب کا دورہ کیا، وہ قانون کے مطابق وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد پاسپورٹ استعمال نہیں کرسکتے تھے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا تھا کہ انہوں نے پاسپورٹ نکال کر جرم کا اقرار کیا ہے، پراسیکیوٹر نے سردار تنویر الیاس کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے سابق وزیر اعظم کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

بعد ازاں، 24 مئی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق سردار تنویر الیاس کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

Sardar Tanveer Ilyas

Adiyala Jail