Aaj News

منگل, جولائ 08, 2025  
12 Muharram 1447  

شاہ محمود قریشی دل میں تکلیف پر اسپتال منتقل، حالت اب کیسی ہے؟

شاہ محمود قریشی کو نماز فجر کے بعد دل میں تکلیف محسوس ہوئی
اپ ڈیٹ 17 مئ 2025 05:09pm

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کیا گیا ہے۔ ان کے وکیل رانا مدثر کے مطابق شاہ محمود قریشی کو نماز فجر کے بعد سینے میں درد اور تکلیف محسوس ہوئی، جس پر جیل حکام نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں اسپتال منتقل کیا۔

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے شاہ محمود قریشی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، جہاں ان کی ای سی جی نارمل آئی جبکہ ٹروپ آئی، ایل ایف ٹی، آر ایف ٹی اور سی بی سی سمیت دیگر اہم ٹیسٹ کیے گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کا بلڈ پریشر ابتدائی طور پر بلند تھا تاہم اب وہ نارمل ہے۔

کوئی لچک نہیں، عمران خان کسی سے ڈیل نہیں کریں گے، شاندانہ گلزار

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں۔ حتمی طبی رپورٹس موصول ہونے کے بعد ان کی ممکنہ ڈسچارج یا مزید علاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ قانونی ٹیم بھی مسلسل شاہ محمود قریشی کی صحت اور علاج کے عمل پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

’مجھ سے کیوں خوفزدہ ہیں‘: علیمہ خان کو بیرون ملک جانے اور حاضری سے استثنیٰ کی اجازت نہ ملی

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی اس وقت مختلف مقدمات کے باعث جیل میں قید ہیں، اور ان کی صحت کی خرابی کے باعث یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے حلقوں کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

جناح ہاؤس کیس میں شاہ محمود قریشی کی فردِ جرم کیلئے طلبی

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں نو مئی کے مقدمات کی جیل ٹرائل سماعت ہوئی، جہاں جناح ہاؤس حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی کو فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لیے طلب کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی، جس میں شاہ محمود، یاسمین راشد سمیت 266 ملزمان کو چالان کی کاپیاں فراہم کی گئیں۔ عدالت نے محمود الرشید، اعجاز چوہدری سمیت تمام ملزمان کو 24 مئی کو طلب کر لیا ہے۔

عالیہ حمزہ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔ کلمہ چوک پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ایک گواہ کے بیان پر جرح مکمل کی گئی، جس پر برہان معظم اور سلمان شاہد ایڈووکیٹ نے پراسیکیوشن کے گواہ پر جرح کی۔

Shah Mehmood Qureshi

Heart ache

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)