کیا چشمہ لگانے سے آنکھیں مزید کمزور ہوجاتی ہیں؟
فائل فوٹوکچھ لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ چشموں کو جتنی دیر لگا کر رکھتے ہیں تواس سے ہماری آنکھیں مزید خراب ہوجاتی ہی۔ اس بات میں کتنی سچائی ہے؟ ماہرین نے بتادیا ہے۔
بعض لوگ آنکھیں کمزور ہونے کے باوجود چشمہ نہیں لگاتے ، شاید اس لیے کہ ان کو اپنے چہرے پر چشمہ اچھا نہیں لگتا یا پھر وہ بغیر چشموں کے زیادہ آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔
خوبصورتی اور آرام کو بالائے طاق رکھ کر اگر دیکھا جائے تو کچھ لوگ چشموں کو زیادہ دیر اس لیے نہیں پہن کر رکھتے کیونکہ ان کو لگتا ہے کہ زیادہ چشمہ پہننے سے ان کی آنکھیں مزید خراب ہوجائیں گی۔
چشمے دو طرح کے ہوتے ہیں ایک قریب کی نظر کا اور دوسرا دور کی نظر کا ہوتا ہے۔ قریب کی نظر کا چشمہ اکثر بزرگ لوگ لگاتے ہیں جبکہ دور کی نظر کا چشمہ ہر عمر کے شخص کو لگ جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ لوگ دور کی نظر کا چشمہ لگانا ضروری نہیں سمجھتے ہیں ۔ ان کو دور کا منظر دھندلا نظر آتا ہے اسی لیے وہ دھندلے منظر سے ہی کام چلالیتے ہیں۔
لوگوں کا یہ خیال کہ چشمہ لگانے سے آنکھیں مزید خراب ہوجاتی ہیں ، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہماری آنکھوں کے لینس وقت کے ساتھ ساتھ اکڑنا شروع ہوجاتے ہیں ،جس کے باعث ہماری آنکھوں کا نمبر بڑھنے لگتا ہے۔ لہذا لوگوں کا یہ خیال کہ چشمہ لگانے سے آپ کی آنکھیں مزید خراب ہوجاتی ہیں بالکل غلط ہے۔
چونکہ وقت کے ساتھ آنکھوں کے لینس میں تبدیلی رونما ہونے لگتی ہے اور آپ کے لینس سخت ہونے لگتے ہیں۔ جس کی وجہ سے آپ کی آنکھوں کا نمبر بھی وقت کے ساتھ ساتھ بڑھنے لگتا ہے اور یوں لوگوں نے یہ خیال اپنے دماغ میں بنالیا ہے کہ چشمہ لگانے سے آنکھیں مزید خراب ہوجاتی ہیں۔
چشمہ لگانے اور نہ لگانے سے آپ کی آنکھوں پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ لیکن جن افراد کی آنکھیں کمزور ہوتی ہیں (خاص طور پر وہ افراد جن کی قریب کی نظر کمزور ہوتی ہے) اور وہ پھر بھی چشمہ نہیں لگاتے ۔ ان کو سردرد اور آنکھوں میں سوجن جیسی شکایت ہونے لگتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون محض عام معلومات کےلیے ہے، اس پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کرلیں۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔