اپ ڈیٹ 27 اپريل 2017 11:17am

بھارتی اداکار ونود کھنا  70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کے ماضی  کے معروف اداکار ونود کھنا  کینسر جیسے موذی مرض کے باعث 70 برس کی عمرمیں انتقال کرگئے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق  ونود کھنا  کو  رواں ماہ کی ابتداء میں  طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ،ان کے بیٹے کا کہنا تھا کہ انہیں جسم میں پانی کی شدید کمی کے باعث داخل کیا گیا ہے۔

تاہم اسپتال میں دوران علاج لی گئی ان کی ایک تصویر بہت زیادہ وائرل ہوئی جس میں ونود کھنا بے حد کمزور نظر آرہے تھے یہ تصویر دیکھ کر ان کے مداحوں کو شدید ذہنی صدمہ لگا۔

ان کےگھر والوں کے مطابق  ونود کھنا مثانے کے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے  جس کے باعث ان کی صحت روز بروز گرتی جارہی تھی۔

یہ بھی پڑھیئے: ونود کھنا کی اس تصویر نے بھارتی عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا

بولی وڈ کے معروف اداکار ونود کھنا  1946 میں پشاور میں پیدا ہوئے،انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز بطور ولن1968 کی  فلم 'من کا میت 'سے کیااور 2013 تک 141 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

انہوں نے  امراکبرانتھونی، قربانی، کارنامہ،ہیرا پھیری اور مقدر کا سکندر سمیت کئی مشہورفلموں میں کام کیا،ونود نے فلم دل والے میں  شاہ رخ خان کے والد کا کردار نبھا کر لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔ستر سے اسی کی دہائی کے دوران ونود کھنا کا شمار بولی وڈ کے بہترین اداکاروں میں ہوتا تھا۔

کیریئر کے عروج پر وہ فلمی دنیا کو ترک کرکے امریکا میں واقع مشہور یوگی اوشو کے شیلٹر ہوم میں چلے گئے جہاں انھوں نے پانچ برس گزارے۔

ونود کھنا  نے سیاست میں بھی خدمات انجام دیں اور حکمراں جماعت بی جے پی کے ٹکٹ پر چار بار پنجاب کے گروداس پور سے پارلیمان کا الیکشن جیتا تھا اور مرکزی وزیر بھی رہے جبکہ موجودہ رکن پارلیمنٹ بھی تھے۔

Veteran actor Vinod Khanna passes away at 70 pic.twitter.com/L2uynVdECH

Read Comments