اپ ڈیٹ 29 اپريل 2017 09:25am

ونود کھنا آخری بار پاکستان جا کر کیا کرنا چاہتے تھے؟

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار ونود کھنا  حال ہی میں اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر اس دنیا سے چلے گئے،ان کا تعلق  پا کستان سے تھا وہ پشاور میں  پیدا ہوئے بعدا زاں بر صغیر کی تقسیم کے بعد  اپنے گھر والوں سمیت بمبئی منتقل ہوگئے۔

لیکن انسان اپنی پیدائش کا مقام کبھی نہیں  بھولتا  ،ونود کھنا  بھی پاکستان جانا چاہتے تھے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق  ونود کھنا کی مرنے سے پہلے آخری خواہش تھی کہ وہ ایک بار پاکستان جا کر اپنا آبائی گھر دیکھیں  لیکن وہ  اپنی اس خواہش کوپورا کیے بغیر ہی اس دنیا سے چلے گئے۔

خیبر پختونخوا کے  ثقافتی ورثہ کونسل  کے جنرل سیکر یٹری  شکیل وحید اللہ کے مطابق   انہوں نے 2014  میں ونود کھنا سے ملا قات کی تھی،ملاقات کے دوران انہوں نے اداکار کا آٹو گراف لیا  جبکہ ونود کھنا نے پشاور کے لوگوں کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ونود  کھنایہ   دیکھنا چاہتے تھے کہ ان کے والدین کیسے گھر میں رہتے تھے،انہوں نے   پاکستان جانے کیلئے درخواست بھی دی تھی  لیکن وہ منظور نہ ہوسکی۔

وحید اللہ نے مزید کہا کہ وہ بہت جلد   ونود کھنا کے اعزاز میں  ایک تقریب منعقد کریں گے جس میں انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

Read Comments