رینجرز کا ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کیخلاف ہرجانے کا نوٹس

شائع 10 دسمبر 2015 03:33pm

کراچی:رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو پچاس کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

رینجرز کی جانب سے دائر درخواست میں وسیم اختر کے خلاف پچاس کروڑ روپے ہرجانے کے دعوے کے ساتھ موقف اختیار کیا گیا کہ ایم کیو ایم رہنما نے رواں برس انتیس ستمبر کو ایک ٹی وی شو میں رینجرز پرعید الاضحی کے موقع پر اٹھارہ ہزار کھالیں چوری کرنے کا الزام عائد کیا۔ جس سے رینجرز کے وقار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ رینجرز نے وسیم اختر کو آئندہ اس طرح کے بیانات سے باز رہنے اور عدالتی اخراجات کی وصولی کی بھی استدعا کی ہے۔

عدالت نے وسیم اختر کو جواب کے لیے اکیس دسمبر کو ذاتی طور پر طلب کرلیاہے۔ رینجرز کی جانب سے چھبیس اکتوبر کو وسیم اختر کے نام قانونی نوٹس بھی بھیجا گیا تھا جس میں ان سے اپنا بیان ثابت کرنے کا کہا گیا تھا۔

Read Comments