صباء قمر نے قندیل بلوچ بننے کی تصدیق کردی
گزشتہ چند دنوں سے پاکستان کی نامور اداکارہ صباء قمر کے بارے میں میڈیا پر یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ وہ پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار اداکرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ لیکن اب یہ افواہیں سچ ثابت ہوگئی ہیں،صباء نے انسٹا گرام پر اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ وہ قندیل بلوچ کی زندگی پر بننے والی فلم "باغی"میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ سوشل میڈیا پر ان کی دو تصاویر وائرل ہورہی ہیں جن میں وہ قندیل بلوچ جیسا انداز اپنائے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فلم"ایک تھی مریم"جیسے بڑے پروجیکٹ کی پروڈکشن ٹیم اس فلم کو بنانے کا ارادہ رکھتی ہے،فلم میں غیرت کے نام پر قتل جیسے موضوع کو اٹھایا جائے گا اور لوگوں کو اس بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی،فلم کی ہدایت کاری فاروق رند دیں گے۔ یہ بھی پڑھیئے: قندیل بلوچ واپس آرہی ہیں؟ واضح رہے کہ صباء ان دنوں اپنی پہلی بولی وڈ فلم "ہندی میڈیم"کی ریلیز کا انتظار کررہی ہیں جو رواں ماہ 19 مئی کو ریلیز کی جائے گی ،فلم میں ان کے ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عرفان خان مرکزی کردار اداکریں گے۔