ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ریما لاگو آج صبح دل کی تکلیف کے باعث دنیا سے چل بسیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق 59سالہ اداکارہ ریما کو گزشتہ رات سینے میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد انہیں فوراًممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ان کے داماد ونیے ویکول کا کہنا تھا کہ "ان کی ساس نے اچانک سینے میں شدید درد کی شکایت کی جس کی وجہ سے وہ انہیں رات کے 1 بجے اسپتال لے کر آئے اور 3:15پر ہارٹ اٹیک کے باعث ان کی موت واقع ہوگئی۔
ونیے ویکول کا کہنا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک تھیں اور انہیں کسی قسم کی بیماری نہیں تھی اور یہ ہی وجہ ہے کہ ان کی اچانک موت نے ہم سب کو گہرا صدمہ پہنچایا ہے۔
واضح رہے کہ ریما نے ایک طویل عرصہ بولی وڈ میں خدمات انجام دیں ،ان کے کیرئیر میں کئی کامیاب فلمیں شامل ہیں جن میں 'ہم آپ کے ہیں کون ،ہم ساتھ ساتھ ہیں ،میں نے پیار کیا ،کل ہو نہ ہو' قابل ذکر ہیں۔
ریما عموماً بولی وڈ ہیروز کی والدہ کے کردار ادا کرتی تھیں انہوں نے سلمان خان ،شاہ رخ خان ،اجے دیوگن ،اکشے کمار سمیت متعدد سپر اسٹارز کی والدہ کا کردار نبھا یا ہے،فلموں کے علاوہ انہوں نے بھارتی ٹی وی میں بھی کام کیا تھا ان کے مشہور ڈراموں میں مزاحیہ ڈرامہ 'توتو میں میں'اور 'نام کرن'شامل ہیں۔
ریما نے بولی وڈ میں بہترین پرفارمنس اداکرنے پر فلم فئیر سمیت متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں ،انہوں نے سوگواران میں ایک بیٹی کو چھوڑا ہے ،جو خود ایک اداکارہ اور ہدایت کارہ ہیں۔