اپ ڈیٹ 23 مئ 2017 09:56am

سنی دیول  کا بیٹا بھی ہیرو بننے کیلئے تیار

ممبئی:بولی وڈ کے معروف اداکار دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول کا شمار  بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا ہے   اور اب ان کے بیٹے کرن دیول نے بھی اپنے دادا اور والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بولی وڈ میں قدم رکھ دیا  ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق  سنی دیول اپنے بیٹے کی پہلی فلم کو لے کر کافی جذباتی ہوگئے  اور ٹویٹر پر اپنی اور کرن کی تصویر  شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا بیٹا اب "بڑا" ہوگیا ہے  اور اپنی پہلی فلم"پل پل دل کے پاس"سے فلمی دنیا میں  قدم رکھنے جارہا ہے،ان کے  پیغام سے ظاہر ہورہا تھا کہ انہیں اپنے بیٹے پر بہت فخر ہے۔

واضح رہے کہ سنی دیول فلم کی ہدایت کاری کے فرائض خود انجام دے رہے ہیں ،فلم کی کہانی  محبت پر مبنی ہے جس کی شوٹنگ بھارتی شہر منالی میں  شروع کردی گئی ہے ،فلم کا ٹائٹل  دھرمیندر  کے مشہور گانے"پل پل دل کے پاس " سے متاثر ہو کر رکھا گیا ہے۔

سنی دیول کا کہنا ہے کہ زندگی  کبھی رکتی نہیں وہ آپ کو  وہ سب واپس لوٹاتی ہے جو  آپ نے اسے دیا ہے ،میرے والد نے مجھے فلموں میں لانچ کیا اور اب میں اپنے بیٹے کو لانچ کررہاہوں ،میرا بیٹا اپنے ایکٹنگ کیرئیر کو لے کر  بہت پرجوش ہے  مجھے یقین ہے  ایک دن اس پر تمام لوگوں کو فخر ہوگا۔

Read Comments