سونم کپور بڑی مشکل میں پھنس گئیں،قانونی نوٹس جاری
ممبئی:بولی وڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور کی گزشتہ برس ریلیز ہوئی فلم"نیرجا"باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تھی،فلم میں سونم کی اداکاری کو بے حد پسند کیاگیا تھا۔ فلم کی کہانی حقیقی واقع پر مبنی تھی جس میں بھارتی فلائٹ اٹینڈنٹ نیرجا بھانوت چند دہشت گردوں کی جانب سے جہاز ہائی جیک کرنے پر مسافروں کی جان بچاتے ہوئے خود جان کی بازی ہار گئی تھی۔ تاہم اب نیرجا بھانوت کے گھر والوں نے فلم میکرز کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے،بولی وڈ ببل کے مطابق نیرجا بھانوت کے گھر والوں نے الزام لگایا ہے کہ فلم میکرز کی جانب سے انہیں فلم کے کُل منافع میں سے 10 فیصد حصہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ہمارے ساتھ وعدہ خلافی کی گئی اور ہمیں 10 فیصد نہیں دیا گیا۔ نیرجا بھانوت کے بھائی آخیل بھانوت نے فلم"نیرجا"کے پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ نوٹس ایجنسی کے ذریعے بھیجا ہے ،جبکہ نیرجا کے دوسرے بھائی انیش بھانوت نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ"میں اس حوالے سے کچھ کہنا نہیں چاہتا لیکن ایک بات کہنا چاہوں گا کہ ہم ناانصافی برداشت نہیں کریں گے"۔ انیش نے کیس کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا وکیل اس بارے میں تمام معلومات دے گا،خیال رہے کہ نیرجا بھانوت کی فیملی پنجاب ہجرت کرچکی ہے اور انہوں نے ہریانہ کے ہائی کورٹ میں کیس فائل کیا ہے۔ فلم کو شائقین کے ساتھ تنقید نگاروں کی جانب سے بھی بہت اچھا ردعمل حاصل ہوا تھا جبکہ فلم میں بہترین اداکاری کرنے پر سونم کپور کو نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔