فلم 'پاکیزہ' کی اداکارہ کے ساتھ پیش آنے والا افسوس ناک واقعہ
ماضی کی مشہور بھارتی فلم 'پاکیزہ' آج بھی لوگوں کے زہنوں پر نقش ہے، مگر اس کی اداکارہ کے ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے لوگوں کے دل زخمی کر دئے۔ یہ افسوس ناک واقعہ فلم پاکیزہ کی اداکارہ گیتا کپور کے ساتھ پیش آیا، جب ان کا بیٹا انہیں اسپتال میں چھوڑ کر چلا گیا۔ گیتا کا بیٹا رواں سال 21 اپریل کو انہیں علالت کے باعث اسپتال میں داخل کروانے کے بعد واپس لوٹ کر نہیں آیا۔ اطلاعات کے مطابق گیتا کپور کو ان کے بیٹے نے بھارت کے نجی اسپتال (ایس آر وی ہسپتال) میں بلڈ پریشر لو ہونے کے باعث داخل کروایا تھا۔ جب اہسپتال انتظامیہ نے ان کے بیٹے سے علاج کے لئے درکار رقم جمع کروانے کو کہا وہ اے ٹی ایم لانے کا بہانہ بنا کر اسپتال سے چلا گیا اور واپس لوٹ کر نہیں آیا۔ چونکہ گیتا کی حالت خراب تھی اس لئے ڈاکٹرز نے ان کے بیٹے کا انتظار کے باوجود علاج شروع کر دیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے گیتا کپور کے بیٹے اور بیٹی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم دونوں کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ گیتا کپور کو ہسپتال میں تقریباً ایک ماہ سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور اس وقت ان پر ایک لاکھ 50 ہزار ہندوستانی روپے کے واجبات لاگو ہیں۔ اس حوالے سے اداکارہ گیتا کا کہنا ہے کہ ’میرا بیٹا مجھ پر تشدد کرتا تھا، مجھے کبھی کبھی کمرے میں بند بھی کردیتا تھا، مجھے چار چار دن بھوکا رکھتا تھا ،چونکہ میں اولڈ ایج ہوم جانے کے لیے راضی نہیں تھی، اس لیے اس نے میرے ساتھ یہ سب کیا،یہ سب اس نے اس لئے کیا کہ میں بیمار پڑ جاؤں اور پھر وہ مجھے ہسپتال میں داخل کروائے اور وہیں چھوڑ کر چلا جائے‘۔ واضح رہے کہ اہسپتال انتظامیہ نے گیتا کپور کے خاندان کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کروادی ہے۔ بشکریہ: ٹائمز آف انڈیا