بھارتی گلوکار ابھیجیت کا نیا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی معطل کردیا گیا
بھارتی گلوکار ابھیجیت کی جانب سے قابلِ اعتراض ٹوئٹس کیے جانے کے بعد ان کا نیا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
ابھیجیت اپنی وطن پرستی اور سخت نظریات کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔
ان کی قابل اعتراض ٹوئٹس کے باعث ان کا پہلا اکاؤنٹ بھی معطل کیا گیا تھا۔
پیر کو سنگر ابھیجیت بھٹاچاریہ نے ایک نئے اکاؤنٹ کے ساتھ ٹوئٹر پر واپسی کی تھی۔
نئے اکاؤنٹ کی صداقت کیلئے انہوں نے 'بھارت ماتا کی جے' کے نعرے کے ساتھ ایک ویڈیو بھی ٹوئٹر پر پوسٹ کی تھی۔
اس ویڈیو میں ابھیجیت کہتے نظر آ رہے تھے کہ ان کی آواز دبانے کی کوشش ہو رہی ہے لیکن وہ ملک اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے لگانے والوں کو لے کر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا،'جب تک میرا تصدیق شدہ اکاؤنٹ دوبارہ فعال نہیں ہوتا، تب تک آپ مجھے اس اکاؤنٹ پر فالو کریں۔ آئی ایم بیک۔'
ٹوئٹر نے طالب علم رہنما شہلا راشد کے خلاف قابل اعتراض ٹوئٹ کرنے کی وجہ سے ابھیجیت کا ٹوئٹر ہینڈل معطل کیا تھا۔
اس معاملے پر اداکار انوپم کھیر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا 'ایک بار پھر سنگر ابھیجیت کا اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔ ٹوئٹر انڈیا کو کیا مسئلہ ہے۔ کیوں ٹوئٹر تمام قوم پرستوں کے اکاؤنٹ بند کر رہا ہے؟'
گلوکار ابھیجیت پاکستانی فن کاروں کے انڈیا میں جا کر کام کرنے کے بڑے مخالفین میں شامل ہیں۔ ماضی میں ایک متنازع بیان میں انہوں نے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو سرے سے گلوکار تسلیم کرنے سے ہی انکار کر دیا تھا۔
بشکریہ بی بی سی اردو