کراچی : معروف کامیڈین اور ہر دل عزیز اداکار ننھا کی اکتیسویں برسی آج منائی جا رہی ہے، لازوال اداکاری سے دیکھنے والوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے اداکار ننھا آج بھی اپنی اداکاری کے باعث اپنے مداحوں کے دل پر راج کررہے ہیں۔
انیس سو بیالیس کو ساہیوال میں پیدا ہونے والے اداکار ننھا کا اصل نام رفیع خاور تھا۔ ہر دلعزیز اداکار کے گول مٹول چہرے پر معصومیت کھیلا کرتی تھی۔ اداکاری ایسی منفرد اور اچھوتی کہ جس سے دیکھا متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔
کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کرنے والے اداکار ننھا کی وجہ شہرت ٹی وی ڈرامہ الف نون بنا،انیس سو چھہتر میں ریلیز ہونے والی فلم نوکر سے انہیں فلمی دنیا میں پہچان ملی.۔
اداکار ننھا کو پاکستان فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے نگار ایوارڈ سے چار بار نوازا گیا، دو جون انیس سو چھیاسی کو معروف کامیڈین ننھا اس جہاں فانی سے کوچ کرگئے مگر ان کا مخصوص مزاحیہ انداز آج بھی شائقین کے چہروں پر رونق بکھیرے ہوئے ہے۔