شائع 03 جون 2017 03:27pm

'میں برا ڈانسر ہوں اور کیوٹ بھی نہیں'

نئی دہلی :انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈ (آئیفا) کی دھمک ابھی سے سنی جا سکتی ہے۔ سلمان خان نے اپنی دیرینہ دوست قطرینہ کیف اور بالی وڈ کی نئی سٹار عالیہ بھٹ کے ساتھ جمعرات کو آئیفا کی باضابطہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔

عالیہ بھٹ نے کہا 'آئیفا کا سفر باضابطہ طور پر شروع ہو چکا ہے اور اس بار یہ ایوارڈ امریکہ کے شہر نیو یارک میں منعقد کیا جا رہا ہے جس کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ شہر کبھی نہیں سوتا۔‘

آئیفا کے تحت بین الاقوامی سطح پر بولی وڈ کے ستاروں کی ایسی انجمن سجائی جاتی ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ یہ فیسٹیول رواں سال جولائی کے وسط میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

رواں سال آئیفا میں آسکر انعام یافتہ موسیقار اے آر رحمان کے بولی وڈ میں  پچیس سال کا جشن منایا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں موجود اداکارہ قطرینہ کیف نے کہا کہ وہ پانچ چھ سال سے اس تقریب کا حصہ ہیں اور 'اس میں شرکت ہمیشہ یاد گار رہی ہے۔ یہ بہترین سٹیڈیم، بہترین سیٹ اپ اور حیرت انگیز کوریوگرافر فراہم کرتے ہیں۔ میں تو خواب میں بھی اس کے لیے ڈانس کر رہی ہوں گی۔'

سلمان خان نے کہا کہ انھیں اپنی پرفارمنس کے بارے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ 'وہ فلم انڈسٹری کی بہترین ڈانسرز میں سے ایک ہیں۔'

انھوں نے کہا 'در اصل ‏عالیہ اور قطرینہ میں مقابلہ برابر ہے' جس پر عالیہ نے فوراً کہا 'میں بہت بری ڈانسر ہوں میں بس کیوٹ (پیاری) ہوں جس پر سلمان نے کہا 'آپ مجھ سے بری ڈانسر نہیں ہو سکتیں اور میں تو کیوٹ بھی نہیں ہوں۔'

Courtesy : BBC Urdu

Read Comments