ٹائیگر شروف ، نواز الدين سے کیوں ڈرنے لگے؟
بالی وڈ کے اداکار نواز الدين صدیقی جیسے آرٹسٹ اگر رقص سیکھ جائیں تو کیا ہو سکتا ہے؟
یہ سوال فلم 'ہیرو پتی' سے اپنے کیریئر کا بااثر آغاز کرنے والے ٹائیگر شروف کو ان دنوں ستا رہا ہے۔
٭ میں سو فیصد صرف ایک فنکار ہوں: نواز الدین صدیقی
ٹائیگر شروف کی فلموں میں رقص اور ایکشن کی وجہ سے کافی تعریف کی جاتی ہے لیکن انھیں ڈر ہے کہ اگر نواز الدين کے رقص سیکھنے سے ان جیسے فنکاروں کی مانگ کم ہو سکتی ہے۔
فلم 'منا مائیکل' میں ٹائیگر شروف اور نواز الدين ایک ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گے۔
اس فلم میں نواز الدين صدیقی ٹائیگر شروف سے رقص کا ہنر سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ممبئی میں 'منا مائیکل' فلم کے ٹریلر لانچ پر ٹائیگر نے کہا کہ'نواز الدين صدیقی بہترین اداکار ہیں اور اگر وہ رقص میں بھی ماہر ہو گئے تو ہمیں کوئی نہیں دیکھے گا اور ہم جیسے فنکاروں پر وہ بھاری پڑیں گے۔'
ٹائیگر فلم کی شوٹنگ کے آغاز میں نواز الدين صدیقی کے لاجواب اداکاری سے پریشان ہوئے تھے لیکن آخر میں انھوں نے نواز الدين سے اداکاری کے گر سیکھے۔
اپنی ہر فلم کے کردار سے ناظرین کو متاثر کرنے والے نواز الدين صدیقی نے کہا کہ انھوں نے تقریباً پانچ فیصد رقص ٹائیگر سے سیکھ لیا ہے۔
نواز الدين صدیقی کہ 'مجھے رقص سے ہچکچاہٹ ہوتی تھی، پر اب مجھے مزا آنے لگا ہے۔ شیر کے منہ میں اب خون لگ گیا ہے۔'