بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ کترینہ کیف جنہیں باربی ڈول کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ان دنوں بگ باس کی سابقہ کنٹسٹنٹ دیاندرا سواریس کے ہاتھوں کافی تنقید کا نشانہ بنی ہوئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کترینہ کیف نے گذشتہ دنوں اپنی نئی آنے والی فلم 'جگاجاسوس'کی پروموشن کے سلسلے میں پریس کانفرنس میں شرکت کی۔ اس پریس کانفرنس میں لی گئی تصاویر کو بگ باس کی سابقہ کنٹسٹنٹ اور بھارتی ماڈل کی جانب سے شیئر کیا گیا اور کافی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دیاندرا کا اپنی فیس بک پوسٹ میں ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس دور میں لوگ کیوں کم عمر لگنے کے لئے پاگل بنے ہوئے ہیں سب کو اپنی عمر، قدرتی حسن اور زندگی کے تجربوں پر فخر ہونا چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کترینہ کے لئے کوئی تنقیدی پوسٹ نہیں ہے بلکہ میں یہ تمام باتیں ان کے منہ پر بھی بول سکتی ہوں۔
میری یہ پوسٹ صرف کترینہ کے لئے نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کے لئے ہے جو جازب نظر لگنے کے کئے مختلف پلاسٹک سرجریاں کرواتے ہیں۔
صرف یہ ہی نہیں دیاندرا نے ساتھ میں کئی نصیحتیں بھی کر ڈالیں اور کہا کہ میں سینتیس سال کی ہوں اور اب اڑتیس کی ہونے والی ہوں جس پر مجھے فخر ہے۔
دیاندرا یہ سمجھ رہی تھیں کہ کترینہ کچھ زیادہ ہی میک اپ استعمال کررہی ہیں جس کی وجہ سے ان کا قدرتی حسن برباد ہورہا ہے لیکن ایسا نہیں ہے 'جگا جاسوس' کی اداکارہ خاص مواقع پر ہی میک اپ کا استعمال کرتی ہیں اگر آپ کو یقین نہ آئے تو ان کی انسٹاگرام پوسٹس دیکھ سکتے ہیں۔
بہر حال سب کو اپنی رائے دینے اور اس کا اظہار کرنے کا حق اور آزادی ہے لیکن اگر کترینہ اتنے عرصے میں میک اپ کا استعمال کرتی بھی ہیں تو اس میں کوئی مضحکہ کی بات نہیں کیونکہ پوری دنیا انہیں دیکھ رہی ہوتی ہے۔