اپ ڈیٹ 18 جنوری 2016 10:45am

اکبر بگٹی کیس: مشرف کو بری کردیا گیا

کوئٹہ: سابق صدر پرویز مشرف کوانسداد دہشتگردی کی عدالت نے اکبر بگٹی کیس سے بری کردیا گیا ہے۔عدالت کی جانب سے سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاﺅ اور سابق صوبائی وزیر شعیب نوشیروانی کو بھی اس کیس سے بری قرار دے دیا ہے۔

عدالت نے مقدمے میں نامزد سابق وزیراعظم شوکت عزیز،سابق گورنر بلوچستان اویس غنی اور سابق ڈی سی ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے۔

اکبر بگٹی کے صاحبزادے جمیل بگٹی نے عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا جمیل بگٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے سے مطمئن نہیں،ہماری تینوں درخواستیں مسترد کی گئیں، فیصلہ اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کریں گے۔

سابق وزیر داخلہ آفتاب شیر پاو نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اکبر بگٹی کے اہلخانہ کے جذبات کا احترام کرتے ہیں۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گزشتہ سماعت پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

یاد رہے کہ اکبر بگٹی چھبیس اگست دوہزار چھ میں ایک غار میں فوجی کریک ڈاﺅن میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ ان کے خلاف کریک ڈاﺅ ن کا حکم پرویز مشرف کی جانب سے دیا گیا تھا جوکہ اس وقت کے صدرِ پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فا ئز تھے۔

Read Comments