کراچی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان چل بسا

شائع 18 جنوری 2016 09:07am

کراچی :کراچی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے زخمی نوجوان چل بسا، واقعہ کو پولیس مقابلہ قرار دینے کی کوشش کرنے والے دونوں اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈیفنس خیابان اتحاد میں موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکاروں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا،موٹرسائیکل سوار نہ رکا تو پولیس اہلکاروں نے گولی چلادی، گولی نوجوان کے چہرے پر لگی اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔

زخمی نوجوان کے دوست اسے جناح اسپتال لائے جہاں وہ آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ مقتول دیگر چار دوستوں کے ہمراہ لانڈھی سے سی ویوجانے کیلئے روانہ ہوا تھا۔خیابان اتحاد پہنچنے پر پولیس اہلکاروں نے روکنے اشارہ کیا اور پھر گولی چلادی۔

پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے کر حوالات میں بند کردیا ہے ،گرفتار پولیس اہلکارحمزہ اپنے کئے پر شرمند ہے اس کا کہنا ہے کہ اسے خود نہیں معلوم کہ پستول سے گولی کیسے چل گئی۔

واقعہ کے بعد جناج اسپتال میں شہریارکے گھر والوں اوراہل محلہ کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، شدید احتجاج کیا اور پولیس اہلکاروں کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

Read Comments