حال ہی میں 16 جون کو ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم 'بینک چور' ابتدائی تین دنوں میں کوئی خاص بزنس نہ کرسکی اور اب تک صرف 4.40 کروڑ روپے کا بزنس کرپائی ہے جو 15 کروڑ کی لاگت کو مد نظر رکھتے ہوئے بالکل بھی مناسب نہیں ہے۔
ایک انتہائی اچھے اور کامیاب طریقے سے فلم کی مارکیٹنگ کی جانے کے بعد ہر شخص اسی بات کی خواہش کرتا ہے کہ اس نے جو محنت کی ہے وہ وصول ہوجائے لیکن افسوس 'وائی فلمز' کی رتیش دیشمکھ کے ساتھ بنائی گئی 'بینک چور' توقعات کے بر عکس باکس آفس پر ناکام ہوئی جس نے پوری ٹیم کو مایوس کردیا۔
پہلا اور دوسرا دن تو پھر بھی بہتر تھا لیکن اتوار کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت میں چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میچ کی وجہ سے فلم اور بھی نہ چل سکی۔ اور اب ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ یہ فلم اپنا لاگت شدہ رقم بھی نہ نکال پائے گی کیونکہ رواں ہفتے سلمان خان کی فلم 'ٹیوب لائٹ' سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔
تاہم ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا ہی محسوس ہورہا ہے کہ گذشتہ دو فلموں کی طرح رتیش دیشمکھ کی یہ فلم بھی فلاپ ہوگئی ہے۔