نیلی نیلی آنکھیں، رنگ گورا، چہرہ پُر کشش اور دِکھنے میں جازبِ نظر گذشتہ برس سوشل میڈیا پر تہلکہ مچانے والے ارشد خان (چائے والے) کے بارے میں ایک اہم انکشاف سامنے آگیا۔ارشد خان (چائے والا) پاکستانی شہری نہیں ہے بلکہ ان کا تعلق افغانستان سے ہے۔
قومی ڈیٹابیس اور رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ذرائع نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا ہے کہ ارشد خان پاکستانی شہری نہیں ہیں۔ ان کے پاس پاکستان میں قیام کرنے کے لئے درست قانونی دستاویزات موجود نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ارشد خان کی فیملی کا تعلق افغانستان کے علاقے قندھار سے ہے اور غیر قانونی طور پر پاکستانی دستاویزات حاصل کرکے یہاں رہ رہے ہیں۔تاہم ارشد خان اس بات سے انکار کرتے ہیں لیکن وہ کوئی قانونی دستاویز مہیاء نہیں کرسکے۔ارشد خان کے مینیجر نے بھی اس انکشاف پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے 18 سالہ ارشد خان اسلام آباد کے ایک اتوار بازار میں چائے بیچا کرتے تھے۔وہ کبھی اسکول بھی نہیں گئے لیکن جب ایک مقامی فوٹو گرافر کی جانب سے ان کی تصویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی گئی تو وہ وائرل ہوگئی اور اس طرح ارشد خان ایک (چائے والے) سے سوشل میڈیا کے ہیرو بن گئے۔
ارشد خان اپنی زندگی میں آئے اس نئے موڑ سے بے حد خوش ہیں ان کا کہنا ہے کہ اگر انہیں آفر ملتی ہے تو وہ ضرور ماڈلنگ اور اداکاری کریں گے۔اس حوالے سے ارشد خان کے انکل کا کہنا تھا کہ اگر انہیں فلم میں کام کرنے یا ماڈلنگ کی آفر آئی تو یہ ضرور کریں گے اور اس حوالے سے میں ارشد خان کو بھر پور سپورٹ بھی کروں گا۔
بشکریہ ڈی این اے انڈیا