خواتین کی جانب سے بال دھوتے وقت کی جانے والی سنگین غلطیاں
ہر عورت کی یہ خواہش ہوتی ہے اس کی پرسنیلٹی اور لائف اسٹائل ایسا ہو کہ باقی سب لوگ اسے فالو کریں۔ ایسی ہی پرسنیلٹی اور حسن کو حاصل کرنے کے لئے وہ اچھے سے اچھا میک اپ، کپڑے، شیمپو اور جیولری وغیرہ کا استعمال کرتی ہے۔
آپ میری اس بات سے تو متفق ہوں گی کہ ہر چیز کے استعمال کا ایک طریقہ اور لمِٹ ہوتی ہے جس سے اگر تجاوز کیا جائے تو اس سے فائدے کے بجائے نقصان ہی حاصل ہوتا ہے۔ جس طرح نمک کی مثال لے لیں اگر کھانے میں نمک نہ ہو تو وہ بے ذائقہ لگتا ہے لیکن وہی نمک اگر تھوڑی زیادہ مقدار میں ڈال دیا جائے تو کھانے کو حلق سے اتارنا بھی وبالِ جان بن جاتا ہے۔
اسی طرح بال دھونے کا بھی ایک طریقہ ہوتا ہے اگر اس پر عمل نہ کیا جائے تو ان کو دھونے سے بال مضبوط اور خوبصورت ہونے کے بجائے مزید خراب تر ہوجاتے ہیں اور یہ بہت سے نقصانات کا بھی باعث بنتا ہے۔
تو آئیے جانتے ہیں ایسی کون سی غلطیاں ہیں جو بالوں کو دھونے کے باوجود بھی ان کو شدید نقصان پہنچاسکتی ہیں۔
گرم پانی سے بالوں کو دھونا
اگر آپ اپنے بالوں کو دھونے کے لئے گرم پانی کا استعمال کرتی ہیں تو ایسا کرنا بالوں کی صحت اور نشو نما کے لئے نہایت مضر ہے۔ ایسا کرنے سے اسکیلپ اور بال بہت جلد خشک ہوجاتے ہیں جو نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ اسکیلپ اور بال خشک ہونے سے بالوں کے منہ کھل جاتے ہیں جس کی وجہ سے شیمپو اور کنڈیشنر کے اثرات بھی زیادہ مرتب ہوتے ہیں۔
شیمپو لگانے سے قبل بال اچھی طرح نہ بھگانا
اکثر عورتوں کی یہ عادت ہوتی ہے کہ وہ شیمپو کو بالوں پر لگانے سے قبل انہیں اچھی طرح بھِگاتی نہیں ہیں ایسا کرنا بھی بالوں کے لئے مضر ہے اسی لئے جب بھی شیمپو یا کنڈیشنر کو بالوں پر استعمال کریں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے بالوں کی اسکیلپ تک اچھی طرح بھیگ گئی ہو۔ ایسا کرنے سے شیمپو اور کنڈیشنر سے سب سے اچھے نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
چمک حاصل کرنے کے لئے ضرورت سے زیادہ شیمپو استعمال کرنا
عام طور لوگوں کا یہ خیال ہوتا ہے کہ اگر بالوں پر شیمپو کا استعمال کم کیا جائے تو یہ ٹھیک سے اپنا کام نہیں کرتا۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں حقیقت بالکل اس کے برعکس ہے کیونکہ جب بہت زیادہ جھاگ بن جاتے ہیں تو شیمپو اپنا کام ٹھیک سے نہیں کرپاتا۔ اسی لئے ماہرین اس بات کا مشورہ دیتے ہیں کہ بالوں کو دھونے کے لئے صرف 2 روپے کے سکے کے برابر شیمپو کو بالوں پر لگائیں اور دھو لیں اگر آپ کو کچھ کمی محسوس ہو تو پہلے سے آدھی مقدار میں شیمپو لگائیں اور دھولیں۔
بالوں کو صرف 4 سے 5 منٹ کے اندر دھونا
آپ میں سے جو بھی خواتین اپنے بالوں کو 5 منٹ سے بھی کم وقت میں دھولیتی ہیں (جس میں کنڈیشننگ بھی شامل ہے) تو وہ بالوں کے ساتھ نا انصافی کر رہی ہیں آپ کو اپنے سر پر بہت زیادہ مقدار میں شیمپو پھیلانے کی ضرورت نہیں بلکہ کم مقدار میں شیمپو لیں اور پھر اس کو انگلیوں سے سرکُلر پوزیشن میں مساج کریں اس عمل کو اپنے ماتھے سے شروع کرکے گدی تک کرتے رہیں ایسا کرنے سے نہ صرف آپ کے بال صاف ہوں گے بلکہ یہ آپ کی خون کی گردش کو تیز کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
ہیئر کنڈیشنر کا استعمال نہ کرنا
سر کو اچھی طرح دھونے کے بعد اکثر خواتین کا یہ خیال ہوتا ہے کہ اب انہیں ہیئر کنڈیشنر کی کوئی ضرورت نہیں تو اگر آپ بھی ایسا سوچتی ہیں تو بہت غلط کرتی ہیں۔ کیونکہ صرف شیمپو کو استعمال کرنے سے بالوں کی جڑیں خشک ہوجاتی ہیں جو ان کی کمزوری کا باعث بنتی ہیں۔ کنڈیشنر کا استعمال بالوں کو ٹوٹنے سے کافی حد تک محفوظ کردیتا ہے۔ روزانہ بالوں کو دھونا شاید آپ اس بات سے اتفاق نہ کریں لیکن ماہرین کی رائے اور تجزیہ یہ کہتا ہے کہ بالوں کو روزانہ دھونا ان کے لئے شدید نقصان کا باعث ہے۔ ماہرین کے مطابق بالوں کو 2 یا 3 بعد اچھی طرح سے دھونا چاہیئے اگر آپ اس بات کا ثبوت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو یہ کرکے دیکھیں ایسا کرنے کے بعد آپ جو نتیجہ اخذ کریں گی وہ آپ کو حیران کر دے گا۔ شیمپو تبدیل کرتے رہنا اکثر خواتین اپنے بالوں کی صحت اور نشونما کے حوالے سے بہت ہی حساس ہوتی ہیں جس کے لئے وہ ہر تھوڑے عرصے بعد شیمپو تبدیل کرتی رہتی ہیں ایسا کرنا بھی بالوں کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ بشکریہ: بولی وڈ شادیز