شائع 04 اگست 2017 05:10am

میکا سنگھ پاکستان کو "ہمارا پاکستان" کہنے پر شدید تنقید کی زد میں آگئے

نئی دہلی: بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو اس وقت بھارت میں شدید تنقید کا سامنا ہے جس کی وجہ ان کا ویڈیو میں پاکستان کو "ہمارا پاکستان" کہنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میکا سنگھ ممکنہ طور پر 12 اور 13 اگست کو شکاگو اور ہوسٹن میں جشن آزادی کے سلسلے میں پاکستان اور بھارت ملی نغمے پرفارم کریں گے۔

اسی حوالے سے میکا سنگھ نے ایک ٹویٹ بھی کیا جس میں لکھا "ہوسٹن اور شکاگو میرے ساتھ راک کرنے کے لئے تیار ہوجاؤ۔۔ میں آپ لوگوں کو راک کرنے آرہا ہوں"۔

منتظمین کی جانب سے بھی میکا سنگھ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں میکا اپنی پرفارمنس کے حوالے سے آگاہ کررہے ہیں۔ ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور بھارت کی آزادی کا جشن منانے جا رہا ہوں "15 اگست کو ہمارا بھارت آزاد ہوا اور 14 اگست کو ہمارا پاکستان" انکی یہ ویڈیو ٹویٹر پر بہت زیادہ شیئر کی گئی اور سخت تنقید شروع ہوگئی۔

ٹویٹر صارفین کی جانب سے 40 سالہ گلوکار کو "ہمارا پاکستان" کہنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کوئی کہتا ہے "آپ کو شرم آنی چاہیئے آپ پاکستان کی آزادی کا دن منارہے ہیں۔ کیا آپ جانتے نہیں پاکستان کی جانب سے روزانہ کتنے آرمی کے جوان مارے جاتے ہیں"؟

 

یاد رہے میکا سنگھ نے بھارتی فلم انڈسٹری کے لئے کئی کامیاب گانے گائے ہیں ان میں "آج کی پارٹی میری طرف سے"، "ڈھنکا چکا" اور "موجا ای موجا" شامل ہیں۔

بشکریہ: این ڈی ٹی وی

Read Comments