شائع 07 اگست 2017 06:31am

کیا "دی کپل شرما شو" واقعی بند ہونے جارہا ہے؟

مشہور بھارتی کامیڈین کپل شرما اپنے شو سے کچھ عرصے کے لئے بریک پر جارہے ہیں جس کی وجہ ان کی نئی آنے والی فلم "فرنگی" کی شوٹنگ اور شو کی انتہائی کم ریٹنگ ہے۔

تفصیلات کے مطابق کپل شرما اپنے ٹی وی شو اور فلم "فرنگی" کی شوٹنگ کے لئے مناسب وقت نہیں نکال پا رہے جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے شو سے بریک لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یاد رہے جب سے کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان لڑائی ہوئی تب ہی سے اس شو کی ریٹنگ نیچے آنا شروع ہوگئی اور کافی عرصے سے چہ مگوئیاں بھی کی جارہی تھیں کہ یہ شو بند ہونے والا ہے۔

تاہم تازہ ترین رپورٹس نے مطابق ان چہ مگوئیوں کو مزید ہوا دے دی ہے۔ لیکن اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ممکنہ طور پر کپل بہت جلد اپنے شو میں ایک نئے ورژن کے ساتھ واپسی کریں گے۔

ڈی این اے ذرائع کے مطابق کپل شرما شو کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ "شو کے موجودہ فارمیٹ نے اسے برباد کردیا ہے، سنیل گروور اور علی اصغر کا چلے جانا یا بھارتی سنگھ اور چندن پربھاکر کا اس شو میں واپس آنا کوئی ایشو نہیں ہے بلکہ ہم نے محسوس کیا ہے کہ پورے شو کے فارمیٹ میں ہی ترمیم کی ضرورت ہے"۔

تازہ ترین رپورٹس کے مطابق شو کے نئے ورژن میں سلیبریٹیز پر زیادہ توجہ مرکوز نہیں رکھی جائے گی۔

ایک بیان میں کپل شرما کے روایتی حریف کرشنا ابھیشیک کا کہنا تھا کہ "ایک دن میں اور کپل جب اسٹیج پر کھڑے ہونگے تو وہ شو دنیا دیکھے گی"۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے اور کپل شرما کے درمیان کوئی تنازعات نہیں ہیں میں ان کا بہت بڑا فین ہوں اور میں نے اپنے شو کامیڈی سرکس کے درمیان ان سے بہت کچھ سیکھا بھی ہے۔

بشکریہ: ہندوستان ٹائمز

Read Comments