اجے دیوگن کپل شرما پر برہم، آئندہ کبھی شو میں نہ آنے کافیصلہ
مشہور کامیڈین کپل شرما کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ان کا کیس دن بدن مزید شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور اب تو ٹیلی ویژن انڈسٹری میں بھی ان کی صحت کو لے کر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کپل شرما نے ایک بار پھر شوٹ کو مؤخر کردیا اور اس بار ان کا نشانہ فلم بادشاہو کے اداکار اجے دیوگن بنے۔ بادشاہو کی پوری ٹیم کو 'دی کپل شرما شو' سے بناء شوٹ کئے ہی واپس جانا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح اداکار اجے دیوگن اداکارہ ایلینا ڈسوزا، عیشا گپتا، فلم ساز ملان لوتھریا اور عمران ہاشمی 'دی کپل شرما شو' کا پروموشن ایپیسوڈ شوٹ کروانے فلم سٹی پہنچے تو شو کے میزبان کپل شرما کہیں دکھائی نہ دیئے۔ تاہم کچھ دیر انتظار کے بعد اجے دیوگن کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اب کپل شرما کے شو میں دوبارہ کبھی بھی نہیں آؤں گا۔ اس موقع پر کپل کی ٹیم کے ایک ممبر کا کہنا تھا کہ 'ہم نہیں جانتے کہ آخر کار ان کا مسئلہ ہے کیا۔ ان کی اس بار بار حرکت سے اسٹار کافی ناراض ہورہے ہیں لیکن اب کیا کریں یہ ان کی صحت کا معاملہ ہے'۔ کپل کی ٹیم کے ایک اور ممبر کا کہنا تھا کہ 'کپل اس وقت خاصے بحران کا شکار ہیں تاہم ہمیں انہیں سپورٹ کرنا چاہیئے اور ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے'۔ اس کے علاوہ کچھ بولی وڈ اسٹارز کی جانب سے کپل کو ان کی اس کیفیت پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ رواں مہینے ارجن رامپال بھی اپنی فلم ڈیڈی کے پروموشن شوٹ کے لئے آئے تھے جس کو بھی کپل کی صحت کی خرابی کے باعث مؤخر کرنا پڑا تھا لیکن ارجن نے غصے کا اظہار کرنے کے بجائے انہیں سپورٹ کیا اور دوبارہ شوٹ کے لئے آگئے لیکن اجے دیوگن کے معاملے میں ایسا نہیں وہ بہت زیادہ غصے میں ہیں اور اس شو پر دوبارہ کبھی نہ آنے کا فیصلہ بھی کر چکے ہیں۔ Thanks to DNAindia