شائع 06 ستمبر 2017 09:22am

کنگنا رناؤت کے الزامات، پنچولی کا قانونی کارروائی کا فیصلہ

اپنے حالیہ انٹرویوز میں بولی وڈ کی کوئین کنگنا رناؤت نے بڑے بڑے سلیبریٹیز جیسے ہریتک روشن، ادیتیا پنچولی اور ادھایین سمن پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے آن ریکارڈ اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ جب وہ ایک جدوجہد کرتی اداکارہ تھیں تو ادیتیا نے انہیں کئی بار زیادتی کا نشانہ بنایا اور کئی دنوں تک گھر میں قید کئے رکھا۔

جس کے بعد اب اداکار ادیتیا پنچولی نے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کنگنا کو ہریتک کی جانب سے بھی کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔

اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ادیتیا کا کہنا تھا کہ کنگنا ایک پاگل لڑکی ہے۔ کیا آپ نے یہ بات محسوس نہیں کی کہ کوئی پاگل شخص ہی ہے جو اس طرح کی باتیں کر رہا ہے۔ ہم اس انڈسٹری میں بہت لمبے عرصے سے ہیں اور کسی بھی شخص نے ایسی باتیں نہیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے اور کیا کہوں وہ ایک پاگل لڑکی ہے اور اگر میں کیچڑ میں پتھر پھینکوں گا تو چھینٹیں مجھ پر ہی آئیں گی۔ مجھے کنگنا کے ان الزامات سے کافی ٹھیس پہنچی ہے۔ میں کنگنا کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جارہا ہوں کیونکہ وہ جھوٹ بول رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں دوسروں کے حوالے سے تو کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن جہاں تک میرا تعلق ہے انہوں نے میرے حوالے سے سب کچھ جھوٹ بولا ہے میری فیملی بھی ان الزامات سے خاصی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے میں اور میری بیوی نے کنگنا کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل کنگنا نے آپ کی عدالت میں یہ بات کہی تھی کہ "ادیتیا نے میرے لئے ایک اپارٹمنٹ لیا تھا جس میں میرے دوستوں کو آنے کی اجازت نہیں تھی وہ میرے لئے ایک قید خانے جیسا تھا۔ اس حوالے سے میں نے ان کی بیوی سے بھی بات کی اور کہا کہ میں آپ کی بیٹی سے بھی ایک سال چھوٹی ہی ہوں برائے مہربانی میری مدد کیجیئے لیکن انہوں نے بھی میری مدد کرنے سے انکار کردیا"۔

تاہم اب ایسا لگ رہا ہے کہ کنگنا کو ایک اور مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ کسی طرح بھی اس جنگ کو ہارنے کو تیار نہیں۔

بشکریہ: ہندوستان ٹائمز

Read Comments