بیوی زرینہ کے بعد آدیتیا پنچولی پھر کنگنا رناؤت پر چڑھ دوڑے
زرینہ وہاب کے کنگنا پر تنقید کے نشتروں کے بعد آدیتیا پنچولی پھر کنگنا رناؤت پر برس پڑے۔ انہوں نے اپنی بیٹی کے کوائف میڈیا کو دکھائے اور بتایا کہ کنگنا یہ بھی جھوٹ بول رہی ہیں کہ وہ میری بیٹی سے بھی ایک سال چھوٹی ہیں۔ اگر آپ کنگنا کی بولی وڈ جَرنی کے بارے میں کچھ جانتے ہوں تو آپ کو یہ بات ضرور معلوم ہوگی کہ کنگنا کو بولی وڈ میں لانے میں آدیتیا نے ہی جدوجہد کی تھی۔ کیونکہ جب وہ فلم انڈسٹری میں شامل ہونے کے لئے ممبئی آئی تھیں تو آدیتیا کے ذریعے ہی انہیں بریک ملا۔ تاہم ایک بار آدیتیا نے جب کنگنا کو مارا تو دونوں کے درمیان اختلافات شروع ہوگئے۔ لیکن کبھی کنگنا نے یہ بات ظاہر نہیں کی تھی کہ انہیں ان کے والد کی عمر کے کس فرد نے مارا تھا؟ لیکن اب انہوں نے ریکارڈ پر یہ بات بتا دی کہ وہ شخص اور کوئی نہیں آدیتیا تھا۔ کنگنا نے یہ بھی کہا تھا کہ میں آدیتیا سے اپنی جان چھڑانے کیلئے مدد مانگنے ان کی بیوی زرینہ وہاب کے پاس بھی گئی تھی۔ انہوں نے زرینہ کو بتایا کہ میں ایک معمولی لڑکی ہوں اور میں آپ کی بیٹی سے بھی ایک سال چھوٹی ہوں میری مدد کریں۔ لیکن کنگنا کے مطابق زرینہ نے مدد کرنے سے انکار کردیا۔ کنگنا نے کہا کہ جب زرینہ نے بھی ان کی مدد کرنے سے انکار کیا تو وہ رپورٹ درج کروانے کے لئے پولیس اسٹیشن چلی گئیں۔