فیصل آباد میں پر خطر ریلوے ٹریک عدم توجہ کا شکار

شائع 23 جنوری 2016 02:19pm

فیصل آباد:فیصل آباد میں ریلوے ٹریک کے قریب واقع آبادیوں سے ٹرین کی زد میں آ کر کئی لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں،لیکن ریلوے حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

یہ ہے فیصل آباد کا باوٴنڈری وال سے محروم ریلوے ٹریک،جہاں بچے بے خوف و خطر کھیل رہے ہیں،ریلوے قوانین کے مطابق ٹریک کے دونوں جانب پچاس پچاس فٹ تک کوئی اندر نہیں آ سکتا اور نہ ہی اس حدود میں رہائشی مکان بنائے جا سکتے ہیں لیکن یہاں تو قانون اور اس پر عملدرآمد کروانے والے کہیں نظر نہیں آتے۔

باوٴنڈری وال اور پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے اب تک پچاس سے زائد لوگ ٹرین کی زد میں آکر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے ریلوے انتظامیہ کی غفلت کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں۔

شہر میں چالیس سے زائد ریلوے پھاٹک ہیں جہاں روزانہ درجنوں ٹرینیں گزرنے کے باعث شہریوں کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔ریلوے پھاٹک اور ٹریک کے گرد باوٴنڈری وال کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،لیکن انتظامیہ اس بوسیدہ نظام کو بدلنے کی کوشش نہیں کر رہی۔

Read Comments