شائع 25 ستمبر 2017 06:31am

سوشل میڈیا پر کی جانے والی یہ حرکیتیں آپ کا کیریئر تباہ کرسکتی ہیں

سوشل میڈیا کے اس دور میں شاید ہی کوئی ایسا کاروباری یا ملازمت پیشہ فرد ہوگا جو فیس بک، ٹوئیٹر، واٹس ایپ اور لنکڈ ان جیسی سماجی رابطے کی ویب سائٹس کا استعمال نہ کرتا ہو۔ یہ تمام چیزیں محض تفریح کا ہی ذریعہ نہیں ہیں بلکہ ان کا صحیح طریقے سے استعمال کرکے انسان اپنے کیریئر کو شہرت اور کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے۔

تاہم انسان کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیئے کہ سوشل میڈیا پر وہ حرکتیں نہ کی جائیں جن کی وجہ سے نہ صرف آپ کی ساکھ متاثر ہو بلکہ یہ حرکتیں آپ کا کیریئر بھی تباہ کرسکتی ہوں۔

آج ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں کہ سوشل میڈیا پر کونسی ایسی حرکتیں ہیں جو آپ کا کیریئر برباد کرسکتی ہیں۔ ان کے بارے میں جانیں اور ایسی حرکات کرنے سے بالکل گریز کریں۔

کام سے متعلق شکایات

انسان جہاں کام کرتا ہے وہاں ایسا بالکل بھی ممکن نہیں کہ ہمیشہ سب اچھا ہے کی رپورٹ ہو کبھی نہ کبھی کچھ مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔ ایسے حالات میں آپ کا دن دفتر میں اتنا اچھا نہیں گزرتا لیکن آپ کو اس بات کا سختی سے خیال کرنا چاہیئے کہ آفس کے معاملات اور پریشانیوں کو کبھی سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں کیونکہ ایسا کرنے سے آپ کی ناشکری کی عادت اور مشکلات سے لڑنے کی صلاحیت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور لوگوں کے ذہنوں میں آپ کے لئے منفی تاثر جاتا ہے۔

انٹرویو کے فوراً بعد فرینڈ ریکوئسٹ

کسی بھی نئی اور اچھی نوکری کا حصول اتنا آسان نہیں ہوتا اس کے لئے کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے جس میں لوگوں اور آفیشلز سے ملنا جلنا بھی شامل ہے۔ کچھ لوگ ان ملاقاتوں کے بعد بے تکلفی کے لئے انہیں فیس بک پر دوست بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور فوراً فرینڈ ریکوئسٹ بھیج دیتے ہیں۔ ایسا کرنا مناسب نہیں چونکہ اگر انٹرویو اچھا ہو بھی گیا ہو تو ہوسکتا ہے آپ کے اور آپ کے ہونے والے باس کے خیالات مختلف ہوں جس کے باعث نوکری کے حصول سے قبل ہی آپ کو فارغ کردیا جائے۔

ہوش کے بجائے جوش سے کام لینا

جب آپ کسی سماجی رابطے کی ویب سائٹ کو لاگ ان کریں اور لاگ ان کرتے ہی اچانک آپ کی آنکھوں کے سامنے کوئی ایسی چیز آجائے جسے دیکھ کر آپ شدید غصے کا شکار ہوجائیں تو اس پر اپنا ردعمل دینے کے بجائے درگزر کریں کیونکہ اگر آپ گالم گلوچ یا غیر اخلاقی گفتگو کا سہارا لیں گے تو اس سے آپ کی ذہنیت کا غلط تاثر لوگوں تک جائے گا جو آپ کے کیریئر کے لئے بالکل اچھا نہیں۔

وہ زبان استعمال کرنا جس میں آپ کو سبقت حاصل نہ ہو

اکثر لوگ سوشل میڈیا پر اپنا امیج بہتر بنانے کے لئے ایسی زبان میں گفتگو کی شروعات کردیتے ہیں جس میں انہیں مکمل سبقت حاصل نہیں ہوتی۔ چونکہ اگر آپ املا یا گرامر کی غلطیاں کریں گے تو لوگ آپ کو کم پڑھا لکھا اور جاہل سمجھیں گے اسی لئے ہمیشہ اس زبان میں گفتگو کریں جس میں آپ کو مکمل سبقت حاصل ہو اور اپنی بات کو دوسروں کو باآسانی سمجھا سکیں۔

Read Comments