ممبئی:بولی وڈ کی معروف اداکارہ کاجول فلم انڈسٹری میں اپنی بہترین اداکاری کے باعث ایک الگ پہچان رکھتی ہیں ،انہوں نے فلم دل والے کے ذریعے پانچ سال بعد دوبارہ فلموں میں قدم رکھا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ کاجول نے فلم دل والے کے بارے میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم شائقین کے معیا ر پر پوری نہیں اتری ۔
روہت شیٹھی کی ہدایت میں بننے والی فلم میں شاہ رخ اور کاجول نے ایک ساتھ کام کیا ہے،فلم کی ریلیز سے پہلے توقع کی جارہی تھی کہ یہ فلم گزشتہ سال کی بزنس کے لحاظ سے سب سے بڑی فلم ہوگی۔
ریلیز کے بعد فلم نے دنیا بھر میں تین سو پچاس کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے لیکن اسے اتنی زیادہ پزیرائی نہ مل سکی جتنی توقع کی جارہی تھی۔
کاجول کا فلم کے حوالے سے کہنا ہے کہ ان سے ہدایتکار سوجھے گھوش نے فلم درگا رانی سنگھ کے لئے رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے روہت شیٹھی کی دل والے کو ترجیح دی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سوجھے گھوش نے درگا رانی سنگھ کے لئے ایشوریا رائے اور ودیا بالن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ کاجول سے پہلے شاہ رخ بھی دل والے کے بارے میں مایوسی کا اظہار کر چکے ہیں ،انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیسا انہوں نے سوچا تھا دل والے شائقین کو اتنا محظوظ نہ کرسکی۔