ممبئی: بولی وڈ کی مشہور و معروف اداکارہ رانی مکھرجی کے والد فلمساز اور پروڈیوسر رام مکھرجی 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح 5 بجے انہوں نے اپنی آخری سانس لی۔
فلمساز رام مکھرجی گذشتہ کافی عرصے سے علیل تھے جس کے باعث انہیں 13 اکتوبر کو ممبئی کے ایک نجی ہسپتال میں علاج کے لئے داخل کرلیا گیا۔ تاہم بدقسمتی سے ان کی حالت علاج کے باوجود بھی سنبھل نہیں پائی اور اتوار کی صبح تقریباً 5 بجے خون کا دوران اچانک گر جانے کے باعث وہ انتقال کرگئے۔
رام مکھرجی فلمالایا اسٹوڈیوز کے شریک بانی بھی تھے انہوں نے مختلف نامور فلموں میں ہدایتکاری بھی کی۔ ان فلموں میں 'ہم ہندوستانی' اور 'لیڈر' جیسی فلمیں شامل ہیں۔'
انہوں نے رانی مکھرجی کی 1996 میں بننے والی ڈیبیو بنگالی فلم 'بیئر پھول' میں پروڈیوسر اور ہدایتکار کے فرائض بھی انجام دیئے۔
بولی وڈ کے مشہور و معروف اداکاروں عامر خان، انیل کپور اور رنویر سنگھ نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ ان کی آخری رسومات اتوار کی دوپہر 2 بجے ادا کی گئیں۔