بولی وڈ میں امیر سے بھکاری بن جانے والے اداکار
فلمی دنیا اگرچہ کہ گلیمر سے بھرپور ہوتی ہے اور یہ بہت تیزی سے انسان کو بلندی پر بھی لے جاتی ہے لیکن اگر کوئی اس بلندی سے گرتا ہے تو اس کے دوبارہ اٹھ کر سنبھلنے کے امکانات بھی نہایت کم یا بالکل نہیں ہوتے۔
بولی وڈ میں بھی بعض ایسے اداکار ہیں جو کہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے فوری بعد شہرت کی بلندیوں پر گئے لیکن پھر قسمت نے ان کو بھکاری بنادیا اور یا تو ان اداکاروں نے اپنی اختتامی زندگی انتہائی غربت میں گزاری یا پھر گزار رہے ہیں۔ذیل میں ایسے ہی بعض اداکار بیان کیے گئے ہیں۔
پروین بابی کا شمار بھی بھارت کی معروف اداکاراوں میں ہوتا ہے اور وہ بائیس جنوری دو ہزار پانچ کو اپنے فلیٹ پر مردہ حالت میں پائی گئیں، ان کی سوسائٹی کی سیکریٹری نے مشتبہ محسوس کرنے پر محلے والوں کو بتایا تو پتہ چلا کہ پروین اب اس دنیا میں ہی نہیں رہیں۔
راج کرن کا شمار بھی بولی وڈ کے معروف اداکاروں میں ہوتا ہے ، اور وہ بھی اپنی بقیہ زندگی امریکا میں اٹلانٹا میں ذہنی مریضوں کے سینٹر میں گزارنے پر مجبور تھے، تاہم بعد میں اداکار رشی کپور نے ان کو تلاش کیا تو پتہ چلا کہ وہ ذہنی طور پر انتہائی بدترین حالت میں ہیں۔
گیتا انجلی کا شمار بھی بولی ڈ کی معروف ماڈل اور اداکارہ کے طور پر ہوتا ہے اور انہوں نے کئی معروف برانڈز کے ریمپ پر واک کیا ہے تاہم وہ بھی پردے سے اچانک غائب ہوگئیں بعد میں وہ دہلی میں ایک سڑک پر بھیک مانگتے ہوئے پائی گئی تھیں، اطلاعات ہیں کہ وہ نشے کی لت میں مبتلا تھیں۔
میتالی شرما بھی بولی وڈ میں ناکامی سے دوچار ہونیوالی فنکارہ ہیں، انہوں نے بھوج پوری فلم میں اپنی اداکاری کے جلوے دکھائے تاہم بعد میں بولی وڈ میں اپنے قدم جمانے کیلئے انہوں نے گھر سے فرار اختیار کی لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور بولی وڈ میں وہ قدم نہ جماسکیں جبکہ بعد میں ان کے والدین نے بھی ان کو قبول کرنے سے انکار کردیا، تاہم بعد میں پولیس نے ایک لڑکی کو ممبئی میں گاڑی کا شیشہ توڑتے ہوئے گرفتار کیا تو معلوم ہوا ہے یہ میتالی شرما ہیں۔