بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ دینے پر سپریم کورٹ برہم

شائع 27 جنوری 2016 09:28am

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا ہے،عدالت نے وفاق سمیت صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز،سیکریٹریز لوکل باڈیز اور متعلقہ افسران کو آئندہ سماعت پرطلب کر لیا۔

بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات سے متعلق درخواست کی سماعت چیف جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کی،سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بادی النظرمیں بلدیاتی اداروں کواہمیت نہیں دی گئی، ایسے انتخابات کا کیا فائدہ جن کے بعد اختیارات نہیں دیئے جا رہے ۔

جسٹس خلجی عارف نے کہا کہ کیا منتخب افراد کو شوپیس بنا کر رکھنا ہے،ایسا نہیں تو اختیارات کیوں نہیں دیئے جا رہے؟پنجاب، سندھ اور کے پی کے کی جانب سے کسی عہدیدار کے پیش نہ ہونے پرجسٹس شیخ عظمت سعید نے افسوس کا اظہارکیا،عدالت نے سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کرتے ہوئے اسلام آباد اورچاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلزکوذاتی طورپرپیش ہونے کا حکم دیدیا، عدالت نے سیکریٹریز لوکل باڈیزاورلوکل باڈیزسے متعلق افسران کو بھی آئندہ سماعت پرطلب کرلیا۔

Read Comments