شائع 21 نومبر 2017 01:51pm

تمہاری سُلو':گھریلو خاتون کی آر جے بننے کی کہانی'

گَوری شِندے کی انگلش ونگلش کے  بعد سُریش تریونی نے اپنی فلم'تمہاری سُلو' میں  ایک گھریلو خاتون کے گرد کہانی بُننے کا بیڑا اُٹھایا ہے۔

تمہاری سُلو کی کہانی ایک گھریلو خاتون کے گرد گھومتی ہے جو لیٹ نائٹ ریڈیو شو کی آر جے بن جاتی ہے۔ سُلوچنا(ودیا بالن) اپنی شادی شدہ زندگی اپنے شوہر اشوک(مانو کَول) اور اپنے ایک بیٹے پرانو(ابھیشک شرما) کے ساتھ ہنسی خوشی گزار رہی ہوتی ہے۔

سُلوچنا کی شدید آرزو ہوتی ہے کہ وہ اپنا وقت خاندان کی خدمت میں ضائع کرنے کے علاوہ زندگی میں کچھ کرے۔ ایک دن وہ ریڈیو شو میں ایک پریشر کُکر جیت جاتی ہے اور جب اپنا انعام لینے ریڈیو اسٹیشن جاتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ ریڈیو چینل کو آر جے کی تلاش ہے۔

لہٰذا وہ ماریہ(نیہا دھوپیا)، جو ریڈیو اسٹیشن چلاتی ہے، تک رسائی حاصل کرتی ہے اور بتاتی ہے کہ وہ اس کام میں دلچسپی رکھتی ہے۔ ماریہ اُسے رات کے اوقات میں ایک شو دے دیتی ہے۔

سُلوچنا بطور آر جے کام کرنا شروع کردیتی ہے اور اس کا شو ہٹ ہوجاتا ہے اور بقیہ فلم میں پتا چلتا ہے کہ سُلوچناکی نوکری اس کی زندگی میں مسائل کیسے پیدا کرتی  ہے۔

فلم کی شروعات انتہائی مناسب ہے۔ تاہم مرکزی کرداروں کےتعارف کےبعدفلم سست روی کا شکار ہوجاتی ہے۔ فلم کا پہلاحصہ  دلچسپی سے خالی ہے۔ ماسوائے اس وقت کے جب سُلو آر جے بننے کا فیصلہ کرتی ہے اور آڈیشن دیتی ہے۔

فلم کا دوسرا حصہ قدرے بہتر ہے جب سُلو کامیابی کے ساتھ لیٹ نائٹ شو چلا رہی ہوتی ہے۔جس طرح سے سُلو اپنے گھر اور نوکری میں توازن قائم کرتی ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔

فلم کے چند منفی پہلو یہ ہیں کہ  فلم انتہائی سست رفتارہے، سُلو کے شو کی کامیابی میں حقیقی رنگ  کا فقدان ہے اور فلم کا کلائمکس مبہم ہے۔ مزید یہ کہ تقریباً ڈھائی گھنٹے دورانیئے کی فلم کو 20سے 25منٹ کم ہونا چاہیئے تھا۔

سُریش تریونی کی کہانی نہایت سادہ اور حقیقت سے قریب تر ہےاور ان کے ڈائیلاگز حقیقت پر مبنی ہیں۔ فلم کا اسکرین پلے متاثر کن ہے لیکن بعض سیکوئنسز زبردستی کے کھچےچلے جاتے ہیں۔

ودیا بالن کا کردار اس فلم کی جان ہے اور انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر سے فلم کو جِلا بخشی ہے۔ فلم'کہانی'کےبعد یہ ان کا دوسرا شاہکار ہے۔ان کےہمراہ  مانو کَول اور نیہا دھوپیا نے ان کا خوب ساتھ دیا ہے۔

فلم کے گانوں میں 'ہوا ہوائی 2.0'بہترین فلمایا گیا ہے اور 'بن جا رانی' میں حقیقی جذبات محسوس کیے جاسکتے ہیں۔ جبکہ 'فراٹا' اور 'رفو' فلم میں کوئی خاص مقام بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

مختصر تمام'تمہاری سُلو' ایک جذبات اور احساسات سے بھرپور کہانی ہے، جس کا مزہ اس کا لمبا دورانیہ اور اس کی سُست روی کرکرا کرسکتی ہے۔

Read Comments