کراچی : دہشتگردی کی کارروائی ناکام،چھ دہشتگرد گرفتار

شائع 29 جنوری 2016 04:47am

کراچی :کراچی میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی پولیس نے ناکام بنا دی، رضویہ میں پولیس مقابلے کے بعد چھ دہشتگردوں کو گرفتار کرکے بارود سے بھری موٹرسائیکل، کلاشنکوف، دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کرلیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق رضویہ پولیس نے جہانگیرآباد میں مخبرخاص کی اطلاع پر نالے کے قریب چھاپہ مارا، جہاں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دشتگرد موجود تھے۔ انہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد پولیس نے چھ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بارود سے بھری موٹرسائیکل، ایک کلاشنگوف ،دستی بم،دو پستول اور دیگر اسلحہ ہ برآمد ہوا۔

رضویہ تھانے کے ایس ایچ او کا کہنا ہے ملزمان کسی بڑی دہشتگردی کا منصوبہ بندی کررہے تھے، مقابلے میں ان کا ایک ساتھی زخمی ہوا ہے جس کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایس پی لیاقت آباد ثاقب شیخ کا کہنا تھا کہ تفتیش کے بعد پتہ چلے گا کہ ملزمان کس منصوبہ بندی کے تحت خالی پلاٹ میں موجود تھے۔

Read Comments