شائع 18 دسمبر 2017 02:50pm

شان پاک بھارت دوستی کے حامی

پاکستانی سپر اسٹار شان شاہد کی نئی فلم ارتھ  بولی ہدایت کار مہیش بھٹ کی انیس سو بیاسی میں فلمائی گئی مووی ارتھ کا ریمیک ہے۔  اگرچہ کہ شان نے پہلے بھارت میں فلموں میں کام میں دلچسپی نہ ہونے کے عزم کا اظہار کیا تھا اور اب بھی وہ اس پر ڈٹے ہوئے ہیں، تاحال انہوں نے کئی پاکستانی فنکاروں کے بولی وڈ میں کام کرنے کے باوجود کسی فلم میں کام نہیں کیا ہے ، لیکن ان کے اس ریمیک نے کئی پاکستانیوں کو حیران ضرور کردیا ہے۔

اب اس حوالے سے شان نے بی بی سی ایشیا سے بات کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ شان نے کہا کہ ان کیلئے محض یہ ایک کاروباری تجویز ہے، پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ساتھ بہت زیادہ تجارت بھی کرتے ہیں۔ پاکستان میں بھارتی فلمیں ریلیز بھی ہوتی ہیں تو اب کیوں نہ ثقافتی تجارت کی جائے۔

شان نے پاک بھارت دانشوروں پر زور دیا کہ اس طبقے کو دونوں ممالک سے سامنے آکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ پاکستانی سپر اسٹار نے کہا اگر کچھ لوگ دونوں ممالک کے درمیان بگاڑ یا جنگ کیلئے کام کرتے ہیں تو کچھ لوگوں کو امن کیلئے پیشرفت کیلئے بھی سامنے آنا چاہیئے۔

 انہوں نے بھارتی شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ ان کی یہ فلم ضرور دیکھیں اور پاک بھارت دوستی کی حمایت کریں، بڑے دل کا مظاہرہ کریں ان کی ارتھ انڈین پاکستانی فلم ہے کیونکہ کچھ عرصے سے دونوں ممالک کے عوام اکھٹے نہیں ہوئے ہیں۔

مہیش بھٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے شان نے بتایا کہ مہیش بھٹ نے ان کی اس کاوش کو سراہا اور کہا ہے کہ وہ اس فلم کیلئے کسی قسم کا پیسہ نہیں لیں گے کیونکہ ان کی خواہش ہے کہ یہ پاکستان اور بھارت کی پہلی مشترکہ پیشکش بنے۔

لولی وڈ میں حالیہ بننے والی فلموں سے متعلق شان نے کہا کہ یہی سب کچھ ان کا خواب تھا اور ایک دن ضرور وہ اپنی فلموں کو عالمی نقشے پر لے جائیں گے۔ شان نے مزید کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ بہت وسیع اور کشادہ ہے اور پاکستانی سنیما کا اپنا الگ چسکا ہے جو کہ ہالی وڈ یا پھر بولی وڈ سی کسی طور پر بھی متاثر نہیں ہے۔

Courtesy: BBC ASIA

Read Comments