ممبئی:بولی وڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کے لوگوں کے دلوں پر راج کرتی ہیں ، آج کل وہ اپنے سابق دوست رنبیر کپور کے ساتھ علیحدگی کے باعث میڈیا کی خبروں کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق کترینہ اپنے اور رنبیر کی درمیان ہوئی علیحدگی سے متعلق پوچھے گئے میڈیا کے سوالوں کے جواب دینے سے بچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انٹرویو کے دوران رنبیر سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ میرا ذاتی مسئلہ ہے ،مجھے پسند نہیں کہ میری زندگی کے بارے میں لوگ اس طرح سوالات کریں۔
میں سب کچھ بھلا کر آگے بڑھ چکی ہوں اور اب میرا سارا دھیان میرے کام پر ہے بہتر ہے کہ آپ لوگ مجھ سے میرے کام سے متعلق سوالات کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو شوبز سے تعلق رکھنے والے اداکاروں کے بارے میں سب کچھ جاننے کی جلدی ہوتی ہے ،مجھے پسند نہیں کہ کوئی بھی میرے اور میرے دوستوں کے بارے میں سوال جواب کرے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں رنبیر اور کترینہ کے تعلقات کا اختتام نہایت افسوسناک انداز میں ہوا ہے اور دونوں اداکار اس کے بارے میں بات کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔