اپ ڈیٹ 05 جنوری 2018 10:25am

زبیدہ آپا کے انتقال پر شوبز, سیاسی شخصیات اور جماعتوں کا اظہار افسوس

کراچی: ماہر امور خانہ آبادی زبیدہ طارق المعروف زبیدہ آپا گذشتہ شب کراچی کے ایک مقامی اسپتال میں انتقال کرگئیں جس کے بعد ان کے مداحوں، شوبز انڈسٹری سے ملحقہ افراد اور سیاسی جماعتوں نے افسوس کا اظہار کیا۔

پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے مشہور و معروف اداکاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر جمیل کے لئے دعا کی۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے ساتھ ساتھ بولی وڈ میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی ماہرہ خان نے ٹویٹ میں لکھا کہ میں انہیں بچپن سے جانتی تھی، وہ ہمارے دلوں میں بستی تھیں۔

فخر عالم نے بھی تعزیت کے لئے ٹویٹر کا سہارا لیا اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ زبیدہ آپا ہماری ماں کی طرح  تھیں وہ ہمیں بہت یاد آئیں گی۔  

معروف میزبان شائستہ لودھی نے بھی گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی رحم دلی، حاضر دماغی اور سادگی ہمیشہ یاد آئے گی، خدا آپ کو مغفرت دے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے آمین۔

اداکارہ ماورہ حسین نے کہا کہ آپ کی ساڑھیاں، آپ کے مصالحے اور آپ کے ٹوٹکے کبھی نہیں بھولیں گے، خدا آپ کی مغفرت فرمائے۔  

پاکستان کا مشہور اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ نے بھی زبیدہ آپا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

اداکارہ مایا علی نے کہا کہ لوگ چلے جاتے ہی بس یادیں رہ جاتی ہیں، اللہ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔  

پاک سرزمین پارٹی کے چیئر مین مصطفیٰ کمال نے بھی زبیدہ آپا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ان کے بھائی انور مقصود سمیت تمام سوگوار لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے بھی مرحومہ کی جنت میں داخلی کے لئے دعا کی گئی۔  

تحریک انصاف (سندھ) کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے بھی مرحومہ کی مغفرت اور لواحقین کے صبر جمیل کے لئے دعا کی گئی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی زبیدہ آپا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے۔  

Read Comments