ممبئی :مسٹر پرفیکشنسٹ سے بولی وڈ میں پہچانے جانے والے عامر خان کی چین میں بھی دھوم مچ گئی ۔ ان کی فلم سیکریٹ سپر اسٹار چین میں باکس آفس پر ریلیز ہونے کے محض تین روز کے اندر ہی ایک سو پچھتر کروڑ روپے سے زائد کمانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
عامر خان کی فلم سیکریٹ سپر اسٹار کی بھارت میں ابتدائی ہفتے میں آمدنی محض تیس کروڑ روپے تھی۔ سیکریٹ سپر اسٹار سے پہلے عامر خان کی فلم دنگل کی بھی چین میں خوب دھوم مچی تھی اور یہ اپنی ریلیز کے چند ہفتے بعد ہی چین میں سب سے زیادہ کمانے والی بھارتی فلموں میں شامل ہوگئی تھی جس کے بعد اب ان کی فلم سیکریٹ سپر اسٹار بھی اسہی فہرست میں آگئی ہے۔ ویریٹی میگزین نے بھی اس فلم کی چینی باکس آفس پر چھاجانے کی تصدیق کی ہے۔
سیکریٹ سپر اسٹار میں عامر خان کے علاوہ زئرہ سیم نے انسیا ملک نامی لڑکی کا کردار نبھایا ہے ، فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح یہ لڑکی اپنی تمام رجعت پسند معاشرتی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے ایک کامیاب گلوکارہ بننا چاہتی ہے۔
اس فلم میں ہدایت کاری کے فرائض ادویت چندن نے سرانجام دیئے تھے۔ کہا جارہا ہے کہ سیکریٹ سپر اسٹار کی چین میں کامیابی کے بعد بہت جلد عامر خان بھی بیجنگ کا دورہ کرینگے۔
سلو بھائی کی فلم بجرنگی بھائی جان بھی آئندہ ماہ چین میں ریلیز ہونے جارہی ہے یہ فلم چین میں آٹھ ہزار سنیما گھروں میں ریلیز کی جائیگی۔
Courtesy: Zee News