پنجاب:پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشنزمیں اختلاف

شائع 01 فروری 2016 04:41am

لاہور:آج پنجاب میں اسکول کھلیں گے یا نہیں، پرائیویٹ اسکولز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے باوجود تعلیمی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز پر ایسوسی ایشنز دو دھڑوں میں بٹ گئیں۔ اے پلس کیٹیگری کے بارہ بڑے سکول سسٹمز نے تعلیمی ادارے کھولنے سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سردی میں شدت کے باعث اکتیس جنوری تک سکولز بند رکھنے کا اعلان کیا گیا لیکن سیکیورٹی ایشوز تعلیمی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

پنجاب حکومت اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ایسوسی ایشن نے سکولز کھولنے کا اعلان کیا تو بارہ بڑے سکول سسٹمز کی جانب سے والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعے سکول نہ کھولنے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔

ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ اگر چند سکولز یکم فروری کو نہ کھل سکے تو وہ دو فروری کو کھل جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن کے زریعے سکولز کو ڈی سیل کرنے اور مقدمات واپس لئے جانے کے اعلان کے باوجود لاکاس، سٹی، لاہور گرائمر سکول، بیکن ہاوس، ایجوکیٹرز اور الائیڈ سکول سسٹم سمیت بارہ بڑے سکولوں نے اپنی تمام برانچز یکم فروری کو بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

Read Comments