ریاض :سعودی عرب میں تاریخ کے سب سے پہلا فیشن ویک منعقد کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں ۔ اس فیشن ویک کا اہتمام عرب فیشن ویک کی جانب سے مارچ کے مہینے میں کیا جائےگا۔
فیشن ویک کے منعقد ہونے سے متعلق تصدیق عرب فیشن کونسل کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر کردی گئی ہے۔ اس فیشن ویک کا اہتمام چھبیس مارچ سے لے کر اکتیس مارچ تک کیا جائے گا جبکہ اسکا دوسرا ایڈیشن اکتوبر میں منعقد ہوگا۔
دسمبر کے مہینے میں عرب فیشن کونسل کی جانب سے ریاض میں اپنا آفس کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا اور نورا بنت فیصل کو اسکا اعزازی صدر منتخب کیا گیا تھا۔
عرب فیشن ویک کو پہلے ہی عالمی طرز پر پیرس فیشن ویک اور میلان فیشن ویک کی طرز پر رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے جس میں جدید قسم کے ملبوسات اور دیگر کلیکشنز متعارف کروائی جائیں گی۔
فیشن ویک سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پرنسس نورا نے بتایا کہ عرب فیشن ویک کسی بھی نوعیت کے عالمی ایونٹ سے بہتر ہوگا۔ اور دیگر معاشی سیکٹر کو آگے لے جانے میں معاونت کرے گا۔
پہلے سعودی عالم نے بیان دیا تھا کہ سعودی خواتین کو ابایہ پہننے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیئے۔جس کے بعد اب یہاں پر فیشن ویک منعقد کرنے کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔
Source: Khaleej Times