لاہور :مسلم لیگ نون کی رکن پنجاب اسمبلی اور معروف اداکارہ کنول نعمان کو دماغ کی شریان پھٹنے کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا ،ڈاکٹرز کے مطابق کنول نعمان کی حالت تشویشناک ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کی رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان کو دوپہر ایک بجے کے قریب اچانک بیہوش ہوجانے کے باعث جناح ہسپتال کی ایمرجنسی منتقل کیا گیا،ہسپتال میں طبی معائنے کے بعد نیورو سرجن پروفیسر وسیم کی سربراہی میں پانچ رکنی بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔
بورڈ نے ٹیسٹ اور معائنے کے بعد مکمل رپورٹ ترتیب دی ہےجس کے مطابق کنول کو برین ہیمبرج ہوا اور ان کے دماغ کی شریان پھٹ گئی ہے۔ ایم پی اے کنول نعمان کا انتہائی نگہداشت وارڈ میں علاج جاری ہے، ڈاکٹرز کے مطابق منگل کے روز کنول نعمان کے دماغ کے کچھ مزید ٹیسٹ لئے جائیں گے جس کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے تاہم ڈاکٹرز کے مطابق کنول نعمان کی حالت تشویشناک ہے۔