رینجرزاختیارات میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری

شائع 02 فروری 2016 05:16am

کراچی :سندھ کابینہ نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی منظوری دے دی،جبکہ اسکولوں کی سیکیورٹی کے لیے سیف اسکول پروجیکٹ منظور اورعملدرآمد کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز اختیارات میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی گئی،یہ فیصلہ ہوا وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں، رینجرز اختیارات سے متعلق نوٹی فکیشن بھی آئندہ چند گھنٹوں میں جاری کردیا جائے گا۔

اجلاس میں سیف اسکول پروجیکٹ کے تحت آٹھ ہزارسے زائد اسکولزکی چاردیواری بنانے کی بھی منظوری دی گئی، منصوبے کے لیے سات ارب چھ کروڑروپے لاگت آئے گی ۔

وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد تیز کرنے کے لیے اہم فیصلے ہوئے، صوبہ سندھ میں انسداد دہشت گردی کی دس عدالتیں فوری قائم کرنے اورگواہوں کوبیانات ریکارڈ کرانے کے لیے ویڈیوکانفرنس کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔سیکریٹری داخلہ سندھ نے اجلاس کوبتایا کہ گواہوں کے تحفظ کے لیے خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے۔

Read Comments