معروف ادیب و افسانہ نگار انتظار حسین انتقال کرگئے

شائع 02 فروری 2016 01:13pm

لاہور:لاہور کے نجی اسپتال میں زیرعلاج معروف ادیب و افسانہ نگار انتظار حسین انتقال کرگئے،ان کی عمربانوے سال تھی۔

ڈیفنس لاہور کے نجی اسپتال میں معروف ادیب و افسانہ نگار انتظار حسین زیرعلاج تھے،جو آج خالق حقیقی سے جاملے۔مرحوم انتظار حسین سات دسمبر انیس سو تئیس کو اترپردیش کے شہر میرٹھ میں پیدا ہوئے۔پنجاب یونیورسٹی سے اردو میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی،ایم اے اردو کے بعد صحافت کے شعبے سے وابستہ ہوئے،انتظار حسین پاکستانی اردو فکشن رائٹر،ناول نگار،افسانہ نگار اور تنقید نگار بھی تھے،مختصر کہانیاں، ناولز سمیت انگریزی اخبار میں کالم نویسی بھی کی۔افسانوں کا پہلا مجموعہ گلی کوچے انیس سو تریپن میں شائع ہوا۔روزنامہ مشرق میں کالم لاہور نامہ سے شہرت ملی۔

مرحوم تحریروں میں عجب سوز اور حسن رکھتے تھے۔انہوں نے علامتی اور استعاراتی اسلوب کے نت نئے حوالوں سے افسانہ نگاری کی۔ان کے معروف ناولز میں آگے سمندر، بستی، چاند گرہن، دن شامل ہیں۔آب بیتی میں چراغوں کا دھواں اور دلی تھا جس کا نام شامل ہے، افسانوں میں آخری آدمی، خالی پنجرہ، خیمے سے دور، شہرافسوس مقبول ہوئے۔

مرحوم کو حکومت پاکستان کی طرف سے ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔جبکہ فرانس نے ستمبر دوہزار چودہ کو آفیسر آف دی آڈر آف آرٹس اینڈ لیٹرز دیا۔

Read Comments