شائع 16 مارچ 2018 06:45am

ایک سے زائد شادیاں کرنے والے 10 معروف بین الاقوامی کرکٹرز

جیون ساتھی کا انتخاب زندگی کے اہم ترین پہلوؤں میں سے ایک ہے، یہ نہ صرف کسی جوڑے بلکہ دو خاندانوں کے درمیان بھی روابط کو قائم کرنے کا باعث بنتا ہے۔ لیکن اکثر اوقات انسان اس انتخاب میں ناکام بھی ہوجاتے ہیں یا یوں کہیں کہ بدقسمتی آڑے آجاتی ہے۔

آج ہم آپ کو 10 ایسے معروف بین الاقوامی کرکٹرز کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی میں ایک سے زائد شادیاں کیں۔ کچھ کے درمیان تعلقات خراب ہوئے تو کچھ کے جیون ساتھی انہیں چھوڑ کر دنیا سے چلے گئے۔ ذیل میں ان 10 کرکٹرز کی فہرست ملاحظہ کریں۔

وسیم اکرم

پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا شمار دو شادیاں کرنے والے کرکٹرز کی فہرست میں ہوتا ہے، ان کی پہلی اہلیہ ہما وسیم بدقسمتی سے سال 2009 میں کسی بیماری کی وجہ سے انتقال کرگئیں۔ بعد ازاں وسیم اکرم نے 2013 میں شنیرا تھامپسن سے شادی کرلی۔

محمد اظہر الدین

بھارت کے سابق کپتان محمد اظہرالدین اپنی نجی زندگی کی وجہ سے بھی خوب خبروں کی زینت بنے، ان کی پہلی شادی 1987 میں نورین سے ہوئی تاہم 1996 میں طلاق کے بعد انہوں نے سنگیتا بجلانی سے شادی کی۔ بدقسمتی سے ان کی یہ شادی بھی نہ چل سکی اور دونوں 2010 میں علیحدہ ہوگئے۔

بریٹ لی

آسٹریلیا کے جارح مزاج فاسٹ بولر بریٹ لی بھی دو شادیاں کرنے والے کرکٹرز کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان کی پہلی شادی 2006 میں ایلیزابتھ کیمپ سے ہوئی جس کا اختتام 2 سال بعد 2009 میں ہوگیا۔ اس کے بعد بریٹ لی کی دوسری شادی 2014 میں لانا اینڈرسن سے ہوئی۔

شعیب ملک

یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ شعیب ملک بھارت سے اپنی دلہنیا لائے ہیں۔ شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی شادی 12 اپریل 2010 کو ہوئی۔ تاہم اس شادی سے قبل ایک بڑا ہنگامہ کھڑا ہوا، اس شادی سے قبل مبینہ طور پر شعیب ملک کی پہلی اہلیہ منظر عام پر آگئیں۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی عائشہ صدیقی نے دعویٰ کیا کہ شعیب ملک پہلے سے ہی ان کے شوہر ہیں، عائشہ کے پاس ثبوت کے طور پر ایک سرٹیفکیٹ بھی موجود تھا۔ تاہم شعیب ملک نے انہیں طلاق دے کر ثانیہ سے شادی کرلی۔

عمران خان

پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان عمران خان نجی زندگی میں اتنے خوش قسمت ثابت نہ ہوئے، ان کی پہلی شادی جمائمہ گولڈ اسمتھ سے 1995 میں، دوسری شادی ریحام خان سے 2015 میں جبکہ تیسری شادی حال ہی میں بشریٰ مانیکاسے ہوئی۔

دنیش کارتھک

بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتھک کی پہلی شادی 2007 میں نکیتا سے ہوئی تاہم سال 2012 میں ان کی طلاق ہوگئی۔ اس شادی کے ساتھ کارتھک اور مرلی وجے کی دوستی بھی ختم ہوگئی۔ نکیتا نے دنیش کارتھک سے طلاق کے بعد مرلی وجے سے شادی کرلی۔ بعدازاں کارتھک نے ایک اسکواش کھلاڑی دپیکا پالیکال سے شادی کرلی۔

ونود کاملی

ونود کاملی کی پہلی شادی 1998 میں نوئیلا لیوس سے ہوئی، تاہم دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی جس کے بعد انہوں نے ایک فیشن ماڈل ایڈریا ہیوٹ سے شادی کرلی۔

یوگراج سنگھ

بھارت کے جارح مزاج آل راؤنڈر یووراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ کی پہلی شادی شبنم سنگھ سے ہوئی۔ یوگراج سنگھ بھی ایک کرکٹر رہ چکے ہیں۔پہلی شادی میں ناکامی کے بعد انہوں نے دوسری شادی ستویر کور سے کی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔

جونٹی روہڈز

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے دنیا کے سب سے بہترین فیلڈر جونٹی روہڈز بھی دو شادیاں کرنے والے کرکٹرز کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان کی پہلی شادی سنہ 1994 میں کیٹ مکارتھی سے ہوئی جس کا خاتمہ 19 سال بعد 2013 میں ہوا۔ بعدازاں جونٹی نے میلانی وولف سے شادی کرلی۔

جواگل سریناتھ

بھارت کے سابق فاسٹ بولر جواگل سریناتھ بھی دو شادیاں کرنے والے کرکٹرز کی فہرست میں اپنا نام درج کروا چکے ہیں۔ ان کی پہلی شادی 1999 میں ہوئی جبکہ دوسری شادی 2008 میں ہوئی۔

Thanks to bollywoodpapa

Read Comments