نئی دہلی:بھارتی فلموں کے معروف اداکار انوپم کھیر گزشتہ کچھ دنوں سے پاکستانی ویزا جاری نہ کرنے کے حوالے سے دیے گئے بیان پر میڈیا کی توجہ کامرکز بنے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان سے ویزا جاری نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکار نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی حکومت نے انہیں ادبی میلے میں شرکت کے لئے ویزا جاری نہیں کیا جبکہ پاکستانی ہائی کمیشن نے ان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انوپم نے ویزے کے لئے کوئی درخواست نہیں دی تھی۔
اداکار انوپم کھیر گزشتہ کافی عرصے سے بھارت میں موجود مسلم ادیبوں،دانشوروں،فنکاروں اور اداکاروں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ وہ ادبی میلے میں شرکت کے خواہاں تھے تاکہ لوگوں کے ذہنوں میں موجود غلط فہمی کودور کرسکیں۔
پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ادبی میلے میں شرکت کے لئے بھارت سے سترہ ادیبوں،فنکاروں اور دانشوروں کو ویزے جاری کئے گئے ہیں جن میں انوپم کھیر کا نام شامل نہیں ہے،کیونکہ ان کی جانب سے ویزے کی درخواست نہیں دی گئی تھی۔